اشتہاری اور مطلوب ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائی جائے، پٹرولنگ نظام مؤثر اور فیلڈ میں نگرانی مزید سخت کی جائے، افسران کی کارکردگی کا جائزہ
اسلام آباد(کرائم رپورٹر) ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کی زیر صدارت سٹی اور رورل زونز کے پولیس افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال، انسداد جرائم کے اقدامات اور افسران کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایس پی رورل زون ذیشان علی، ایس پی سٹی زون خرم اشرف، دونوں زونز کے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ایس ایس پی آپریشنز نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر اور ٹارگٹڈ کارروائیاں مزید تیز کرنے، سابقہ ریکارڈ یافتہ، اشتہاری اور مطلوب ملزمان کی گرفتاری یقینی بنانے اور پولیس پٹرولنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ جرائم کی روک تھام کے لیے فیلڈ میں مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے اور شہریوں کو فوری و بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ قاضی علی رضا نے واضح کیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ، جرائم کی روک تھام اور وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کا قیام اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات ہیں، ان ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔





