باجوڑ کے محمد معاز خان کا شاندار کارنامہ، فاٹا انڈر 19 ریجن میں انتخاب کے بعد این سی اے کوچز بھی متاثر

باجوڑ کے محمد معاز خان کا شاندار کارنامہ، فاٹا انڈر 19 ریجن میں انتخاب کے بعد این سی اے کوچز بھی متاثر
اسلام آباد (عبدالغفار خان/سپورٹس رپورٹر)
باجوڑ کے باصلاحیت نوجوان لیگ اسپنرمحمد معاز خان نے اپنی غیر معمولی باؤلنگ اور فٹنس سے کرکٹ حلقوں کی توجہ حاصل کرلی۔ ڈسٹرکٹ انڈر 19 سطح پر شاندار کارکردگی کے بعد محمد معاز خان نے ریجنل کیمپ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا، جہاں پریکٹس میچ میں انہوں نے 7 وکٹیں حاصل کرکے اپنی موجودگی کا بھرپور احساس دلایا۔
ذرائع کے مطابق ریجنل کیمپ کے دوران ہونے والے فٹنس ٹیسٹ میں بھی محمد معاز خان نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جو ان کی بہترین فٹنس اور کھیل کے لیے سنجیدہ تیاری کا واضح ثبوت ہے۔
 محمد معاز خان کی باؤلنگ کا سب سے نمایاں پہلو ان کی خطرناک گوگلی اور لیگ بریک ہے۔ این سی اے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق محمد معاز خان کی تیز ترین گوگلی کی رفتار 98 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ تیز ترین لیگ بریک 92 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ ان کی نارمل گوگلی تقریباً 92 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ نارمل لیگ بریک 88 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ریکارڈ ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی (NCA) میں محمد معاز خان کی اسکل کوچز کے ساتھ باؤلنگ پر بھی کام کیا جا رہا ہے، جس سے ان کی تکنیک اور باؤلنگ میں مزید نکھار آنے کی توقع ہے۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق محمد معاز خان میں تیز رفتار لیگ اسپن، گوگلی، فٹنس اور وکٹیں لینے کی صلاحیت کا بہترین امتزاج موجود ہے۔ اگر انہیں مسلسل اعلیٰ سطح کی کوچنگ، مناسب سہولیات اور مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ مستقبل میں خیبرپختونخوا اور پاکستان کے لیے ایک کارآمد لیگ اسپنر ثابت ہوسکتے ہیں۔
باجوڑ سے فاٹا انڈر 19 ریجن تک محمد معاز خان کا سفر نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک حوصلہ افزا مثال بن کر سامنے آیا ہے۔