نعرے نہیں، وعدے ہوں گے، الیکشن جیت کر عوام کی خدمت اولین ترجیح ہوگی: چوہدری کاشف علی وڑائچ

نعرے نہیں، وعدے ہوں گے، الیکشن جیت کر عوام کی خدمت اولین ترجیح ہوگی: چوہدری کاشف علی وڑائچ

کوٹلی لوہاراں مغربی میں عوامی مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کا عزم

 سیالکوٹ ( وسیم ملک)چیئرمین کے امیدوار چوہدری کاشف علی وڑائچ نے عوام اور مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی سیاست کا مقصد محض نعرے لگانا نہیں بلکہ عملی طور پر عوام کی خدمت اور علاقے کی تعمیر و ترقی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نعرے نہیں ہوں گے، وعدے ہوں گے اور انشاء اللہ الیکشن جیت کر عوام کی خدمت ہی میری اولین ترجیح ہوگی۔چوہدری کاشف علی وڑائچ نے کہا کہ عوام نے ہمیشہ اپنے منتخب نمائندوں سے بنیادی مسائل کے حل، صاف ستھرے ماحول، بہتر سیوریج و صفائی، پینے کے صاف پانی، سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کی توقع کی ہے۔ وہ کامیابی کی صورت میں عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندے اور عوام کے درمیان مضبوط رابطہ ہی مؤثر بلدیاتی نظام کی بنیاد ہے۔ ان کی کوشش ہوگی کہ عوام کو اپنے مسائل کے حل کے لیے غیرضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور مقامی سطح پر دستیاب وسائل کو شفاف اور مؤثر انداز میں عوامی فلاح کے منصوبوں پر خرچ کیا جائے۔چوہدری کاشف علی وڑائچ کا کہنا تھا کہ وہ سیاست کو ذاتی مفاد کے بجائے عوامی خدمت کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ علاقے کے نوجوانوں، بزرگوں، خواتین اور عام شہریوں کے مسائل سننا اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران عوام سے جو وعدے کیے جائیں گے، کامیابی کے بعد انہیں عملی شکل دینے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ عوام نے اعتماد کیا تو انشاء اللہ اس اعتماد کو خدمت، دیانت اور عملی کارکردگی کے ذریعے پورا کرنے کی کوشش کروں گا۔چوہدری کاشف علی وڑائچ نے مزید کہا کہ کوٹلی لوہاراں مغربی کی تعمیر و ترقی اجتماعی کوششوں سے ہی ممکن ہے اور وہ تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مقصد کسی فرد یا گروہ کی نہیں بلکہ پورے علاقے کی بہتری اور عوام کی خوشحالی ہے۔