آسان ٹیکس اسکیم سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، تاجر 30 ستمبر سے قبل گوشوارے جمع کرائیں — اجمل بلوچ

آسان ٹیکس اسکیم سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، تاجر 30 ستمبر سے قبل گوشوارے جمع کرائیں — اجمل بلوچ

مجوزہ اسکیم سے تاجروں کی مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی — خالد چوہدری

ایف بی آر اہلکاروں کی غیر ضروری مداخلت اور پی او ایس کے مسائل سے نجات ملے گی — شہزاد عباسی، احمد خان

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر محمد اجمل بلوچ، سیکرٹری ٹریڈرز ایکشن کمیٹی و چیئرمین ٹریڈرز اینڈ مارکیٹ ڈیولپمنٹ کمیٹی آئی سی سی آئی خالد  چوہدری، جی نائن کراچی کمپنی کے صدر راجہ ذوالفقار، جنرل سیکرٹری شاہد عباسی، ایف ٹین مرکز کے صدر احمد خان، جنرل سیکرٹری نعیم اقبال، جی ٹین مرکز کے صدر کامران کاکا خیل، ستارہ مارکیٹ کے صدر سید الطاف حسین شاہ، سپر مارکیٹ کے صدر شہزاد عباسی، آئی ایٹ مرکز کے صدر چوہدری وحید چیمہ، چیئرمین یاسر عباسی، جنرل سیکرٹری رانا بلال، جی الیون مرکز کے صدر نعیم اعوان، ایف الیون مرکز کے صدر مہر اللہ داد، جی ٹین آئی اینڈ ٹی کے صدر چوہدری ظفر گجر، جی ایٹ آئی اینڈ ٹی کے جنرل سیکرٹری چوہدری غفار،  سملی ڈیم روڈ بہارہ کہو کے صدر راجہ زاہد دانیال، پی ڈبلیو ڈی کے صدر چوہدری ریاست علی، جی ایٹ مرکز کے صدر عجب خان،  جنرل سیکرٹری وسیم عباسی،  اور آبپارہ مارکیٹ کے جنرل سیکرٹری اختر عباسی نے تاجر برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ ایف بی آر کی جانب سے تاجروں کی مشاورت سے متعارف کرائی گئی آسان ٹیکس اسکیم سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور مقررہ مدت کے اندر اپنے گوشوارے جمع کرائیں۔
انہوں نے کہا کہ نئی اسکیم کا بنیادی مقصد چھوٹے تاجروں کے لیے ٹیکس نظام کو آسان بنانا، پیچیدہ طریقۂ کار کو ختم کرنا اور تاجر و ایف بی آر کے درمیان براہِ راست رابطے اور غیر ضروری مداخلت کو کم کرنا ہے۔ اسکیم کے تحت آسان اردو زبان میں گوشوارہ متعلقہ ایپ کے ذریعے جمع کرایا جا سکے گا۔ تاجر ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے اپنا گوشوارہ خود پُر کر سکیں گے اور واجب الادا ٹیکس بھی مقررہ طریقۂ کار کے مطابق جمع کرا سکیں گے۔
محمد اجمل بلوچ نے کہا کہ تاجر برادری طویل عرصے سے ایک ایسے سادہ ٹیکس نظام کا مطالبہ کر رہی تھی جس میں چھوٹے تاجروں کو پیچیدہ قوانین، غیر ضروری نوٹسز اور دفتری چکروں سے نجات مل سکے۔ تاجروں کو چاہیے کہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور 30 ستمبر سے قبل اپنے گوشوارے جمع کرائیں۔
تاجر راہنماوں نے کہا کہ تاجر دوست اور آسان ٹیکس نظام کاروباری طبقے کی مشکلات میں نمایاں کمی لائے گا۔ ٹیکس نیٹ میں اضافہ طاقت یا ہراسانی سے نہیں بلکہ اعتماد، سہولت اور آسان طریقۂ کار سے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں اور ایف بی آر کے درمیان براہِ راست غیر ضروری رابطہ کم ہونے سے کرپشن اور صوابدیدی مداخلت کے امکانات بھی کم ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسکیم کی شرائط پوری کرنے والے تاجروں کو اگر پی او ایس کی پیچیدگیوں اور ایف بی آر اہلکاروں کی غیر ضروری دکانوں اور کاروباری مراکز پر آمدورفت سے نجات ملتی ہے تو یہ چھوٹے کاروباری طبقے کے لیے بڑی سہولت ثابت ہوگی۔
تاجر رہنماؤں نے کہا کہ اس اسکیم کے قواعد و ضوابط کی تیاری میں تاجر نمائندوں سے مشاورت کی گئی اور وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی سمیت متعلقہ حکام نے اس سلسلے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے ایف بی آر سے بھی مطالبہ کیا کہ اسکیم کے طریقۂ کار کو زیادہ سے زیادہ سادہ رکھا جائے اور ملک بھر میں تاجروں کی رہنمائی کے لیے مؤثر آگاہی مہم چلائی جائے۔
تاجر رہنماؤں نے مشترکہ طور پر اپیل کی کہ تمام اہل تاجر آخری تاریخ کا انتظار نہ کریں، فوری طور پر متعلقہ ایپ اور اسکیم کی شرائط کا جائزہ لیں، اپنے گوشوارے مکمل کریں اور 30 ستمبر سے پہلے جمع کرا کے آسان ٹیکس اسکیم سے فائدہ اٹھائیں۔