ازبکستان کے سفیر کا ٹی ڈی سی پی پتریاٹہ مری ریزورٹ کا دورہ، پنجاب حکومت کے سیاحتی اقدامات کی تعریف
مری (راجہ عثمان علی) ازبکستان کے سفیر نے ٹی ڈی سی پی پتریاٹہ ریزورٹ کا دورہ کیا، جہاں انتظامیہ کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ دورے کے دوران ازبکستان کے سفیر نے پتریاٹہ چیئر لفٹ کی سیر کی اور علاقے کے قدرتی حسن اور سیاحتی استعداد کو سراہا۔اس موقع پر سفیر کو ٹی ڈی سی پی پتریاٹہ ریزورٹ میں جاری اپ گریڈیشن، تزئین و آرائش اور مختلف ترقیاتی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور سیاحتی تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ازبکستان کے سفیر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی قیادت میں صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے بالخصوص مری میں متعارف کرائی جانے والی نئی سیاحتی اسکیموں اور منصوبوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔سفیر نے پتریاٹہ ریزورٹ میں صفائی کے بہترین انتظامات، جاری تزئین و آرائش، سیاحوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مہمان نوازی کو بھی سراہا۔ دورے کے اختتام پر ازبکستان کے سفیر کو یادگاری شیلڈ اور تحائف پیش کیے گئے۔





