جرمن بنڈسٹاگ میں پاک جرمن پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے قیام کی امید، جی ایس پی پلس، قابل تجدید توانائی، فنی تربیت اور تعلیمی تعاون پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (اظہار خان نیازی) پاکستان اور جرمنی نے پارلیمانی روابط مزید مستحکم کرنے، دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان جرمنی پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے کنوینر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ کی قیادت میں وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں جرمنی کی سفیر انے لیپل سے ملاقات کی۔ بدھ کو ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ارکان قومی اسمبلی محمد الیاس چوہدری، محمد ریاض فتیانہ، ڈاکٹر شاہدہ رحمانی اور نتاشہ دولتانہ بھی شریک ہوئیں۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے جرمن سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور جرمنی کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2026ء میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کو نمایاں کرتی ہے۔ انہوں نے پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جرمن پارلیمنٹ بنڈسٹاگ میں بھی پاکستان جرمنی پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے متبادل گروپ کا قیام عمل میں آئے گا۔ جرمن سفیر انے لیپل نے پارلیمانی سفارت کاری کے لیے پاکستان کے عزم کو سراہتے ہوئے ترقیاتی تعاون، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، قابل تجدید توانائی، فنی تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ کے شعبوں میں جرمنی کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے، پاکستانی برآمدات کو درپیش مسائل کے حل اور یورپی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی میں جی ایس پی پلس کی اہمیت پر بھی گفتگو ہوئی۔ فریقین نے تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون، وظائف، عوامی سطح پر روابط، خواتین کو بااختیار بنانے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے پارلیمانی روابط مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔





