پارلیمانی روابط کے فروغ کیلئے ترکمانستان کی پارلیمنٹ میں فرینڈشپ گروپ قائم کرنے کی تجویز، تجارت، توانائی، ٹرانسپورٹ اور بنیادی ڈھانچے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (اظہار خان نیازی) پاکستان اور ترکمانستان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، تجارتی روابط بڑھانے اور علاقائی رابطہ کاری کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، جبکہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو حتمی شکل دے کر فعال بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان۔ترکمانستان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے کنوینر سنجے پروانی کی قیادت میں وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ترکمانستان کے سفیر عطادجان مولاموف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ارکان قومی اسمبلی فتح اللہ خان اور خواجہ اظہار الحسن سمیت دیگر متعلقہ شخصیات نے شرکت کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ کنوینر سنجے پروانی نے ترکمانستان کے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تعلقات باہمی احترام، دوستی اور مشترکہ مفادات پر استوار ہیں۔ انہوں نے ترکمانستان کی آزادی کو ابتدائی طور پر تسلیم کرنے کے پاکستان کے اقدام کا حوالہ دیتے ہوئے ترکمانستان کی مستقل غیرجانبداری کی پالیسی کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور تجویز پیش کی کہ ترکمانستان کی پارلیمنٹ میں بھی پاکستان۔ترکمانستان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ قائم کیا جائے تاکہ دونوں ملکوں کے ارکان پارلیمنٹ کے درمیان باقاعدہ رابطوں، مذاکرات اور وفود کے تبادلوں کو فروغ دیا جا سکے۔ ملاقات میں دوطرفہ تجارت میں اضافے، علاقائی رابطہ کاری اور اقتصادی تعاون کے امور زیر بحث آئے۔ شرکاء نے پاکستان۔ترکمانستان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو حتمی شکل دے کر اس پر مؤثر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر ترکمانستان کی جغرافیائی حیثیت اور سمندر تک براہ راست رسائی نہ ہونے کے تناظر میں قابل اعتماد تجارتی راستوں کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔ ترکمانستان کے سفیر نے تجارت، ٹرانسپورٹ، توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات کی نشاندہی کرتے ہوئے علاقائی رابطہ کاری اور ٹرانسپورٹ راہداریوں کی ترقی کو اہم قرار دیا۔ دونوں جانب سے کاروباری اداروں کے درمیان روابط بڑھانے، تجارتی وفود کے تبادلوں میں سہولت فراہم کرنے اور باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں اعلیٰ سطح کے رابطوں کے تسلسل، پارلیمانی تبادلوں اور علاقائی و عالمی امور پر تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ سنجے پروانی نے دونوں پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے درمیان مسلسل رابطوں کو ضروری قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ترکمانستان کی پارلیمنٹ میں مجوزہ گروپ کا قیام باقاعدہ روابط اور عملی تعاون کیلئے مؤثر بنیاد فراہم کرے گا۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی سفارت کاری، تجارت و اقتصادی تعاون اور عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔





