





تعلیمی اداروں کے قریب بھی منشیات برآمد، گاڑیوں کے خفیہ خانوں اور ٹائر میں چھپائی گئی چرس پکڑی گئی، 157 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد
راولپنڈی (آصف ملک) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف 7 کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرکے ایک کروڑ 22 لاکھ روپے مالیت کی 157.22 کلوگرام منشیات برآمد کرلی۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق اٹک میں ایک یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 120 گرام چرس اور 100 گرام آئس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ دیگر کارروائیوں میں ساہیانوالہ انٹرچینج فیصل آباد کے قریب ایک گاڑی سے 120 کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ رنگ روڈ پشاور کے قریب گاڑی سے 10.8 کلوگرام افیون جبکہ موٹروے ٹول پلازہ راولپنڈی کے قریب گاڑی میں بنائے گئے خفیہ خانوں سے 7.2 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ راولپنڈی انٹرچینج کے قریب ایک اور کارروائی میں خاتون کے قبضے سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جبکہ جھال چکیاں چوک سرگودھا کے قریب ملزم سے 3.6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ جی ٹی روڈ پشاور پر ٹریول کارگو آفس میں پشاور سے اسلام آباد جانے والی گاڑی کے ٹائر میں چھپائی گئی 13 کلوگرام چرس بھی برآمد کرلی گئی۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔





