● تازہ ترین
Pakistan Minerals Investment Forum 2026: Civil-Military, Provincial Momentum and AJK’s Emerging Role in the National Mineral Economy پاکستان کی تاریخ کا ایک گیم چینجر منصوبہ، لاکھوں خاندانوں کے خوابوں کی تعبیر دنیا بھر میں 14 نومبر کو ذیابیطس کا عالمی دن منایا جاتا ہے ڈپٹی کمشنر شاہد عباس کاٹھیا کا ڈسٹرکٹ ھیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے اچانک ہسپتال ایمر جنسی کا دورہ کیا ڈپٹی کمشنر شاہد عباس کا ٹھیا کی زیر صدارت ریونیو افسران کی کارکردگی کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس اسسٹنٹ کمشنر میانوالی فیصل عمران نے تلہ گنگ روڈ پر تجاوزات کے خاتمے، نالوں کی صفائی اور سڑک کے اطراف موجود اسلام آباد ٹریفک پولیس کے خواتین کو بااختیار بنانے اور ٹریفک قوانین سے آگاہی کے اقدامات جاری، مفت سکوٹی ٹریننگ پروگرام کا آغاز ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کا سٹی اور رورل زونز میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں تیز کرنے کا حکم ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم اور ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کے مختلف مساجد، امام بارگاہوں اور فیصل مسجد کے دورے، جمعہ کی نماز کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ

جدہ میں کبابش آرٹس کونسل کی شاندار ادبی تقریب، قائداعظم اور شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت

جدہ میں کبابش آرٹس کونسل کی شاندار ادبی تقریب، قائداعظم اور شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت
جدہ (خالد نواز چیمہ) کبابش آرٹس کونسل کے زیرِ اہتمام جدہ کے مقامی ہوٹل میں یومِ دفاعِ پاکستان اور یومِ وفاتِ قائداعظم محمد علی جناح کی مناسبت سے ایک نہایت پروقار، یادگار اور جذباتی ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں اہلِ قلم، شعرا اور پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی اور قائداعظم محمد علی جناح کی عظیم قیادت، قیامِ پاکستان کی جدوجہد اور وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدائے وطن کو نثر و نظم کے ذریعے زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب کی صدارت بزرگ شاعر نعیم حامد الحامد نے کی، جبکہ پریس قونصلر چوہدری عرفان مہمانِ خصوصی اور پاکستان انٹرنیشنل اسکول جدہ کے سابق پرنسپل عتیق الرحمن مہمانِ اعزاز تھے۔
تقریب کا آغاز قاری محمد آصف کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ احمد بن زبیر نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ خوش الحان محمد نواز جنجوعہ نے کلامِ اقبال پیش کرکے حاضرین کے دلوں کو گرمایا، جبکہ احمد بن زبیر نے ملی نغمہ "اے وطن کے شجیلے جوانو، میرے نغمے تمہارے لیے ہیں” پیش کرکے محفل کو حب الوطنی کے جذبات سے سرشار کردیا۔
مقررین آر جے فواد، ڈاکٹر آصف علی خان اور انجینئر افضل غازی نے اپنے خطاب میں قائداعظم محمد علی جناح کی اصول پسندی، بے مثال قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے ان کی تاریخی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم مقصد اور بے شمار قربانیوں کے نتیجے میں معرضِ وجود میں آیا، جبکہ اس کی آزادی، سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پاک فوج کے جوانوں اور شہدائے وطن کی قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہیں۔
شعری نشست میں فیصل طفیل، عمران اعوان، آفتاب ترابی، بنت الحسن، اطہر نفیس عباسی اور صدرِ محفل نعیم حامد الحامد نے اپنا منظوم کلام پیش کیا۔ شعرا کے ولولہ انگیز اشعار میں قائداعظم سے عقیدت، وطن سے محبت اور شہدائے پاکستان کو خراجِ عقیدت کے جذبات نمایاں تھے، جس پر حاضرین نے بھرپور داد دی۔
تقریب کی نظامت کبابش آرٹس کونسل کے صدر اور معروف شاعر آفتاب ترابی نے انتہائی خوبصورت، شائستہ اور ادبی انداز میں کی۔ ان کی برجستہ نظامت نے تقریب کے ماحول کو مزید دلنشیں اور یادگار بنا دیا۔
تقریب کا ایک اہم اور قابلِ تحسین پہلو خدمات کے اعتراف کا سلسلہ بھی تھا۔ اس موقع پر کبابش آرٹس کونسل کے چیئرمین ملک علی خورشید سلطان نے پریس قونصلر چوہدری عرفان اور عتیق الرحمن کی خدمات کے اعتراف میں انہیں یادگاری شیلڈز پیش کیں۔ شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں مثبت اور قومی خدمات انجام دینے والی شخصیات کی حوصلہ افزائی ایک خوبصورت روایت ہے۔
تقریب کے اختتام پر وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی و خوشحالی اور شہدائے وطن کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان سے محبت، قومی یکجہتی اور نئی نسل تک تحریکِ پاکستان اور شہدائے وطن کی قربانیوں کا پیغام پہنچانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔