اے این ایف کا منشیات اسمگلروں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن، 18 ملزمان گرفتار

اے این ایف کا منشیات اسمگلروں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن، 18 ملزمان گرفتار

8 کارروائیوں میں ایک کروڑ 45 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 242.9 کلوگرام منشیات برآمد، خاتون سمیت ملزمان گرفتار

اسلام آباد(آصف ملک) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 8 کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت 18 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ کارروائیوں میں ایک کروڑ 45 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی مجموعی طور پر 242.9 کلوگرام منشیات برآمد ہوئی۔

اے این ایف ترجمان کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے بیگ سے 2 شیمپو کی بوتلوں میں چھپائی گئی 2.598 کلوگرام آئس برآمد کرکے ملزم اور ملزمہ کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملتان ایئرپورٹ پر سعودی عرب جانے والے مسافر کے سامان میں کپڑوں میں جذب کی گئی 2.5 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔

ساہیانوالہ ٹول پلازہ فیصل آباد کے قریب کارروائی کے دوران ٹرک سے 60 کلوگرام چرس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب 2 گاڑیوں سے مجموعی طور پر 60 کلوگرام چرس برآمد کرکے 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایکسپریس وے اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 45.6 کلوگرام چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ سہراب گوٹھ کراچی کے قریب کارروائی میں ایک ملزم کے قبضے سے 5 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔

جی ٹی روڈ راولپنڈی پر مل کے قریب 2 گاڑیوں کی تلاشی کے دوران مجموعی طور پر 4.8 کلوگرام چرس برآمد کرکے 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ جناح روڈ کراچی پر ایک وئیر ہاؤس میں کارروائی کے دوران 62.4 کلوگرام وزنی 2 لاکھ 8 ہزار لیکسوٹن گولیاں بھی برآمد کرلی گئیں۔

اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔