آئی جی اسلام آباد کا فورس کے لیے بڑا تحفہ، 125 افسران و اہلکاروں کی ترقی کی منظوری,ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دی

آئی جی اسلام آباد کا فورس کے لیے بڑا تحفہ، 125 افسران و اہلکاروں کی ترقی کی منظوری,ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دی

12 سب انسپکٹرز انسپکٹر، 9 اے ایس آئیز سب انسپکٹر اور 105 ہیڈ کانسٹیبلز اے ایس آئی کے عہدوں پر ترقی پا گئے، باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد(رپورٹ منصورظفر،کرائم رپورٹر)آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے اسلام آباد پولیس کے افسران و اہلکاروں کے لیے بڑا اقدام کرتے ہوئے 125 افسران و اہلکاروں کو اگلے رینکس پر ترقی دینے کی منظوری دے دی۔تفصیلات کے مطابق ترقی پانے والوں میں 12 سب انسپکٹرز کو انسپکٹر، 9 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز (اے ایس آئیز) کو سب انسپکٹر جبکہ 105 ہیڈ کانسٹیبلز کو اے ایس آئی کے عہدوں پر ترقی دی گئی ہے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق تمام ترقیوں کے باقاعدہ نوٹیفکیشنز بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ ترقی پانے والے افسران و اہلکاروں نے آئی جی اسلام آباد کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات پر اسلام آباد پولیس کے افسران کو اگلے عہدوں پر ترقیاں دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں سینٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں ترقی پانے والے پولیس افسران کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی اور ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد جواد طارق نے ترقی پانے والے افسران کو انسپکٹر کے رینک لگائے۔اس موقع پر آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی افسران کی محنت، قابلیت اور محکمانہ خدمات کا اعتراف ہے، تاہم نئے عہدے کے ساتھ ان کی ذمہ داریوں میں بھی مزید اضافہ ہوا ہے۔آئی جی اسلام آباد نے ترقی پانے والے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں محنت، دیانتداری، فرض شناسی اور لگن کے ساتھ انجام دیں اور اپنے فرائض میں قانون کی بالادستی اور میرٹ کو ہمیشہ مقدم رکھیں۔ انہوں نے افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس افسران شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، شائستگی اور پیشہ ورانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے ان کے مسائل کے بروقت حل اور بہترین پولیس سروسز کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ افسران و اہلکاروں کی بروقت ترقی سے نہ صرف فورس کا مورال بلند ہوگا بلکہ پولیسنگ کے نظام میں مزید بہتری اور ذمہ داری کے احساس کو بھی فروغ ملے گا۔