ماحولیاتی تبدیلی اور آلودگی پر موثر رپورٹنگ کے لیے اسلام آباد میں دو روزہ تربیتی ورکشاپ ، بدین سمت ملک بھر کے صحافیوں کی شرکت .
اسلام / بدین(نامہ نگار) موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی بحران، آلودگی اور قدرتی آفات سے متعلق ذمہ دارانہ اور موثر صحافت کے فروغ کے لیے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی اور جرمن ریڈ کراس کے باہمی تعاون سے اسلام آباد میں دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں بدین پریس کلب سے وابستہ صحافیوں سمیت ملک بھر کے صحافیوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔ ورکشاپ میں بدین پریس کلب کے صدر شوکت میمن، نائب صدر عمران عباس خواجہ، سینئر صحافی اور تجزیہ نگار عبدالرزاق کٹی سمیت دیگر صحافیوں نے شرکت کی اور ماحولیاتی تبدیلی، آلودگی، قدرتی آفات، موسمیاتی خطرات اور ان سے متعلق صحافتی رپورٹنگ کے حوالے سے تربیت حاصل کرنے کے بعد کامیابی سے سرٹیفکیٹس بھی حاصل کیے۔
تربیتی ورکشاپ کے دوران صحافیوں کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، ماحولیاتی آلودگی، قدرتی آفات سے پیدا ہونے والے انسانی بحران، موسمیاتی خطرات کی بروقت نشاندہی، فیک نیوز اور غلط معلومات کی روک تھام سمیت حساس ماحولیاتی معاملات پر ذمہ دارانہ اور حقائق پر مبنی رپورٹنگ کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر بدین سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے انڈس ڈیلٹا اور ساحلی علاقوں میں ماحولیاتی آلودگی پر رپورٹنگ کے اپنے عملی تجربات بھی شرکاء کے ساتھ شیئر کیے اور ضلع بدین کو درپیش سنگین ماحولیاتی مسائل، سمندری کٹاؤ، ساحلی علاقوں میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، پانی کی قلت، آلودگی اور قدرتی آفات کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ بدین ضلع طویل عرصے سے سمندری طوفانوں، سیلاب، خشک سالی، ساحلی کٹاؤ اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کی زد میں ہے، اس لیے یہاں کے صحافیوں کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے کہ وہ ماحولیاتی مسائل کو محض خبروں تک محدود رکھنے کے بجائے تحقیق، شواہد اور عوامی مشکلات کی بنیاد پر موثر انداز میں اجاگر کریں۔ ورکشاپ کے دوران بدین کے صحافیوں کی جانب سے موسمیاتی اور ماحولیاتی مسائل کو قومی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تربیتی ورکشاپ سے حاصل ہونے والی نئی مہارتوں اور معلومات کو بروئے کار لاتے ہوئے ماحولیاتی تبدیلی اور آلودگی کی رپورٹنگ کو مزید موثر، ذمہ دارانہ اور عوامی مفاد پر مبنی بنایا جائے گا۔
اختتامی تقریب میں شرکاء کو تربیتی سرٹیفکیٹس دیے گئے۔ بدین پریس کلب کے صحافیوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی آلودگی اور قدرتی آفات سے متاثرہ عوام کے مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کی آواز متعلقہ اداروں اور ایوانوں تک پہنچانے کے لیے اپنا صحافتی کردار بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے .
فوٹو کیپشن .
ماحولیاتی تبدیلی اور آلودگی پر موثر رپورٹنگ کے لیے اسلام آباد میں دو روزہ تربیتی ورکشاپ میں شریک ملک بھر کے صحافیوں کا ماہرین کے ساتھ گروپ فوٹو .





