
اسلام آباد(اظہار خان نیازی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو ہدایت کی ہے کہ الیکٹرانک میڈیا کی مؤثر نگرانی کے لیے اپنے ریگولیٹری نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے، جبکہ وزارتِ اطلاعات و نشریات میڈیا اداروں کے ساتھ میڈیا ورکرز کی بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کا معاملہ بھی مؤثر انداز میں اٹھائے۔
قائمہ کمیٹی کا اجلاس پیمرا ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیئرمین کمیٹی پلین بلوچ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں پیمرا کی ریگولیٹری ذمہ داریوں، اتھارٹی اور کونسلز آف کمپلینٹس کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران پیمرا کی چیئرپرسن اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل (آپریشنز) نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ پیمرا ایکٹ کے تحت ادارے کو الیکٹرانک میڈیا کی سہولت کاری اور نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ پارلیمنٹ کی جانب سے 2023 میں ایکٹ میں کی گئی ترامیم کے بعد پیمرا کو الیکٹرانک میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے متعلق شکایات سننے اور ان پر کارروائی کا اختیار بھی حاصل ہو چکا ہے۔ بریفنگ میں پیمرا کے تنظیمی ڈھانچے، بورڈ، کونسلز آف کمپلینٹس، زیر التوا اور نمٹائی گئی شکایات کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر قائم کونسلز آف کمپلینٹس شکایات کی سماعت کر کے پیمرا اتھارٹی کو تادیبی یا اصلاحی اقدامات سمیت مناسب سفارشات پیش کرتی ہیں۔ اسلام آباد اور بلوچستان کی کونسلز آف کمپلینٹس کا نوٹیفکیشن جاری کیا جا چکا ہے، جبکہ سندھ اور دیگر متعلقہ کونسلز کی تشکیل کی سمری منظوری کے لیے متعلقہ اتھارٹی کو بھجوائی جا چکی ہے۔
قائمہ کمیٹی نے ہدایت کی کہ ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والے ڈراموں اور اشتہارات کے لیے ضابطۂ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے تاکہ نشر ہونے والا مواد معاشرتی اور مذہبی اقدار سے ہم آہنگ ہو۔ کمیٹی نے یہ بھی سفارش کی کہ میڈیا ہاؤسز کے واجبات کی کلیئرنس کو میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی سے مشروط کیا جائے تاکہ صحافیوں اور دیگر میڈیا ملازمین کے معاشی حقوق کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، اراکین قومی اسمبلی سعد وسیم، ندیم عباس، آسیہ ناز تنولی، رومینہ خورشید عالم، کرن حیدر، شاہین، سحر کامران، سید امین الحق، رانا انصار، مولانا عبدالغفور حیدری (آن لائن)، کرن عمران ڈار (آن لائن)، سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات، چیئرپرسن پیمرا اور وزارت و پیمرا کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔





