موٹروے پولیس کی اگست 2026 کی کارکردگی، لاکھوں شہری مستفید
ایک لاکھ 79 ہزار سے زائد مسافروں کو بروقت امداد، قیمتی اشیا اصل مالکان کے حوالے، 12 ملزمان گرفتار
اسلام آباد(آصف ملک) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے اگست 2026 کے دوران مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک لاکھ 79 ہزار سے زائد مسافروں کو دورانِ سفر بروقت مختلف نوعیت کی امداد فراہم کی۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق مسافروں کی قیمتی اشیا تلاش کرکے اصل مالکان کے حوالے کرنے کے ساتھ روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین سے متعلق بڑے پیمانے پر آگاہی مہم بھی جاری رکھی گئی۔
ترجمان کے مطابق موٹروے پولیس نے 16 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور 21 لاکھ 46 ہزار روپے مالیت کے قیمتی موبائل فونز تلاش کرکے ان کے اصل مالکان کے حوالے کیے۔ اس کے علاوہ 19 گمشدہ بچوں کو بحفاظت ان کے والدین سے ملوایا گیا۔
روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین سے آگاہی کے لیے ملک بھر میں 280 آگاہی پروگرامز منعقد کیے گئے، جبکہ مختلف ٹول پلازوں پر 30 لاکھ 36 ہزار سے زائد شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔
ترجمان کے مطابق قومی شاہراہوں پر مختلف وارداتوں کی 11 کوششیں ناکام بناتے ہوئے 12 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جنہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کردیا گیا۔ کارروائی کے دوران 300 کلوگرام مضر صحت گوشت بھی برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا تھا کہ شاہراہوں پر مسافروں کی مدد، روڈ سیفٹی، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور جرائم کی روک تھام کے لیے موٹروے پولیس کی کارروائیاں اور آگاہی سرگرمیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔





