شہداء کی عزت، وطن سے محبت اور عوامی خدمت اسلام کی روشن تعلیمات ہیں، شہداء کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، سید ریاض حسین شاہ

راولپنڈی(جنرل رپورٹر)

شہداء کی عزت، وطن سے محبت اور عوامی خدمت اسلام کی روشن تعلیمات ہیں، شہداء کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، سید ریاض حسین شاہ

ادارہ تعلیماتِ اسلامیہ خیابانِ سرسید کے سرپرستِ اعلیٰ سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ اسلام نے شہداء کو نہایت بلند مقام عطا کیا ہے، اس لیے کسی بھی شہید کی توہین یا تضحیک ناقابلِ قبول ہے۔شہادت کا تصور واقعۂ کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، جہاں حق و صداقت کی سربلندی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا گیا۔

ادارہ تعلیماتِ اسلامیہ خیابانِ سرسید کے سرپرستِ اعلیٰ سید ریاض حسین شاہ گزشتہ روز ہفتہ وار محفلِ ذکر و درسِ قرآن سے خطاب کررہے تھے۔محفل کی میزبانی کے فرائض علامہ شیخ محمد قاسم نے انجام دیے،جب کہ اس موقع پر عالم دین کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔محفل سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ وطن سے محبت ایمان اور سیرتِ نبوی ﷺ کی عملی تعلیمات کا حصہ ہے۔ رسول اکرم ﷺ کی اپنے وطن سے محبت امتِ مسلمہ کے لیے واضح پیغام ہے کہ اپنے ملک کی عزت، سلامتی اور استحکام کو ہمیشہ مقدم رکھا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نہ شہداء کی بے حرمتی برداشت کی جائے گی اور نہ ہی وطنِ عزیز کی توہین۔سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ جو شخص اللہ تعالیٰ کی رضا، دیانت داری اور اخلاص کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیتا ہے، اس کا عمل باعثِ اجر و ثواب ہے۔ وطن کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔انہوں نے حکومت اور معاشرے کے صاحبِ اختیار افراد پر زور دیا کہ وہ عوام کو درپیش غربت، مہنگائی اور دیگر مسائل کا احساس کریں اور ایسے فیصلوں سے گریز کریں جو عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت، انصاف کی فراہمی اور آسانیاں پیدا کرنا ہی حقیقی قیادت کی پہچان ہے۔خطاب کے اختتام پر سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے ہاں شہید کا مقام بے مثال ہے اور احادیثِ مبارکہ کے مطابق شہید اللہ کی راہ میں بار بار جان قربان کرنے کی تمنا کرے گا۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، استحکام اور خوشحالی عطا فرمائے، شہداء کے درجات بلند کرے اور پوری قوم کو اتحاد، اخوت اور باہمی احترام کی توفیق عطا فرمائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔