ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی مختلف وفود سے ملاقات، بلوچستان میں مقیم کشمیریوں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

کوئٹہ (رپورٹ:سردار یوسف خان) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ بلوچستان میں آباد کشمیری عوام کی صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں، ان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہم سب کا مشترکہ گھر ہے اور اس کی تعمیر و ترقی کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔

کوئٹہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کی ہے اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم کی ہر سطح پر مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آئندہ بھی کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

ملاقات کرنے والے وفود میں بلوچستان میں مقیم کشمیری برادری کے نمائندے بھی شامل تھے، جن میں طارق بٹ ایڈووکیٹ، جاوید احمد خان، جہانگیر خان خروٹی، سمیرا خان، میر زمان لہڑی، میر لیاقت، لیاقت راجپوت اور دیگر شامل تھے۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، بلوچستان میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفود نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جس پر سیدال خان ناصر نے یقین دہانی کرائی کہ تمام جائز مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کرکے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں صدیوں سے مختلف اقوام باہمی بھائی چارے کے ساتھ آباد ہیں اور صوبے کی ترقی و خوشحالی میں سب کا یکساں کردار ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عوامی مسائل کے فوری حل اور براہِ راست رابطے کے لیے کوآرڈی نیٹرز تعینات کیے گئے ہیں، جو مختلف علاقوں سے عوام کے مسائل جمع کرکے انہیں آگاہ کرتے ہیں تاکہ ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف اور وزیراعظم میاں شہباز شریف بلوچستان کی ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں، اسی مقصد کے لیے وفاقی بجٹ میں صوبے کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے خطیر فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور علاقے کی معاشی ترقی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

سیدال خان ناصر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفود اور کوآرڈی نیٹرز کی جانب سے نشاندہی کیے گئے تمام عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ بلوچستان کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔