



راولپنڈی (اسپیشل رپورٹر) یومِ آزادی پاکستان کی مناسبت سے ہمدرد مرکز راولپنڈی میں ’’باشعور قوم، محفوظ وطن‘‘ کے موضوع پر ہمدرد نونہال اسمبلی کا پروقار اور رنگا رنگ اجلاس منعقد ہوا، جس میں طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس کے مہمان خصوصی چیئرمین تحریکِ جوانان پاکستان و کشمیر عبداللہ گل تھے، جبکہ قومی صدر ہمدرد نونہال اسمبلی سعدیہ راشد نے بھی خصوصی شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قومی صدر ہمدرد نونہال اسمبلی سعدیہ راشد نے کہا کہ کسی بھی قوم کی اصل طاقت اس کے وسائل نہیں بلکہ اس کے باشعور، باکردار اور ذمہ دار شہری ہوتے ہیں جو حب الوطنی اور خدمت کے جذبے سے سرشار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کی کردار سازی اور انہیں ملک و قوم کی ذمہ داریوں سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تقریب کے دوران طلبہ و طالبات نے تقاریر، ملی نغمے، ٹیبلو، خاکے اور دعائے سعید پیش کرکے وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا۔ بچوں کی شاندار پرفارمنس کو شرکاء نے بے حد سراہا۔
مہمان خصوصی عبداللہ گل نے بچوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بے شمار قربانیوں کے بعد معرضِ وجود میں آیا، اس لیے اس کی قدر کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے روشن مستقبل کے لیے نئی نسل کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ باشعور اور باکردار نوجوان ہی پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر یومِ آزادی پاکستان کا کیک کاٹا گیا اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر زونل ہیڈ ہمدرد فاؤنڈیشن امان اللہ نیازی نے مہمان خصوصی عبداللہ گل کو ہمدرد کی اعزازی شیلڈ ’’عافیت سے جیتے رہو‘‘ پیش کی۔





