صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ سے مشعال حسین ملک کی ملاقات

 

علاقائی امن، ثقافتی سرگرمیوں، اقتصادی روابط اور پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) چیئرپرسن پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن مشعال حسین ملک نے صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری عاطف اکرام شیخ سے ملاقات کی، جس میں علاقائی امن، ثقافتی سرگرمیوں، اقتصادی روابط کے فروغ اور امن کے قیام میں ثقافت، آرٹ اور سافٹ پاور کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مشعال حسین ملک نے عاطف اکرام شیخ کو تمغہ امتیاز کے لیے نامزدگی پر مبارکباد دیتے ہوئے بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے ان کی سماجی و فلاحی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مثبت شناخت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ثقافت اور فنون کے فروغ کے ساتھ ساتھ اقتصادی روابط کو بھی مضبوط بنانا ہوگا۔

مشعال حسین ملک کا کہنا تھا کہ ثقافتی آگاہی عالمی سطح پر انسانی حقوق اور امن کے شعور کو اجاگر کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ ثقافت، آرٹ اور دیگر مثبت سرگرمیاں مختلف معاشروں اور اقوام کے درمیان فاصلے کم کرنے اور باہمی اعتماد کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

اس موقع پر صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے کاروباری برادری کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں امن، ثقافت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات ضروری ہیں۔ علاقائی استحکام تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مثبت شناخت اجاگر کرنے میں ثقافت اور سافٹ پاور اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ امن اور ثقافتی روابط کو فروغ دے کر خطے میں معاشی تعاون کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ کاروباری برادری صرف معاشی ترقی تک محدود نہیں بلکہ امن، سماجی بہبود اور فلاحی سرگرمیوں کے لیے بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ خطے میں پائیدار امن سے ہی تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی خوشحالی کا راستہ ہموار ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے علاقائی امن ناگزیر ہے اور بزنس کمیونٹی سماجی و پرامن مقاصد کی حمایت جاری رکھے گی۔ ایف پی سی سی آئی امن، ثقافت اور اقتصادی روابط کے فروغ کے لیے ہر مثبت کوشش کی حمایت کرے گا۔

ملاقات میں نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارق خان جدون اور انچارج کیپیٹل آفس کریم عزیز ملک بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں نے امن، ثقافت اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے باہمی رابطوں اور مشترکہ اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔