ایف آئی اے پشاور زون میں ترقی پانے والے افسران کے اعزاز میں رینک پننگ تقریب

ڈائریکٹر ایف آئی اے پشاور زون محمد اعجاز خان نے ترقی پانے والے افسران کو بیجز لگائے، نئی ذمہ داریاں محنت اور فرض شناسی سے ادا کرنے کے عزم کا اظہار

پشاور (خالد خان) ایف آئی اے پشاور زون میں ترقی پانے والے افسران کے اعزاز میں رینک پننگ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈائریکٹر ایف آئی اے پشاور زون محمد اعجاز خان نے ترقی پانے والے افسران کو بیجز لگائے اور انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد اعجاز خان نے ترقی پانے والے افسران کے لیے مزید کامیابیوں کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کے ساتھ ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے، افسران ادارے کی نیک نامی اور عوام کے اعتماد کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں محنت، دیانت داری اور فرض شناسی کے ساتھ ادا کریں۔

انہوں نے ترقی پانے والے افسران کی ادارے کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے مزید کامیابیوں کی دعا کی۔

تقریب میں ایڈیشنل ڈائریکٹر رضوان شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اے سی سی رانا شاہد حبیب، ڈپٹی ڈائریکٹر سی بی سی اعجاز شیخ اور ڈپٹی ڈائریکٹر اے ایم ایل سید فضل اکبر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ترقی پانے والے افسران نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریاں مزید محنت، لگن، دیانت داری اور فرض شناسی کے ساتھ ادا کرتے ہوئے ادارے کی بہتری اور عوام کی خدمت کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔