مہنگائی کے دور میں مستحق افراد کی مدد وقت کی اہم ضرورت ہے

داؤدخیل(ضیاءنیازی سے)مہنگائی کے دور میں مستحق افراد کی مدد وقت کی اہم ضرورت ہے حاجی اللہ دین خان موسی خیل ٫معروف سماجی شخصیت حاجی اللہ دین خان موسیٰ خیل نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں غریب اور متوسط طبقے کے لیے زندگی گزارنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔ روزمرہ اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے بہت سے خاندانوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اپنے علاقوں اور اردگرد رہنے والے لوگوں پر نظر رکھنی چاہیے اور یہ احساس پیدا کرنا چاہیے کہ ہمارے پڑوس میں کوئی خاندان بھوک، بیماری، بے روزگاری یا مالی پریشانی کا شکار تو نہیں۔ اگر کوئی مستحق یا ضرورت مند نظر آئے تو اس کی مدد کے لیے انتظار نہ کریں بلکہ فوری طور پر اس کی دہلیز تک امداد پہنچائیں حاجی اللہ دین خان موسیٰ خیل نے کہا کہ ضرورت مند کی عزتِ نفس کا خیال رکھتے ہوئے خاموشی اور خلوص کے ساتھ اس کا سہارا بننا حقیقی خدمتِ انسانیت ہے۔ کسی پریشان حال خاندان کے گھر کا چولہا جلانا، بچوں کی ضرورت پوری کرنا یا کسی بیمار اور بے سہارا شخص کی مدد کرنا بہت بڑی نیکی ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی خوشیوں میں اپنے اردگرد موجود مستحق لوگوں کو بھی شریک کرنا چاہیے۔ اللہ پاک کو بھی وہ عمل پسند ہے جس میں اس کی مخلوق کے دکھ درد کو محسوس کرتے ہوئے اخلاص کے ساتھ مدد کی جائے۔ اگر معاشرے کا ہر صاحبِ استطاعت فرد اپنے اردگرد ایک ضرورت مند خاندان کا ہاتھ تھام لے تو بہت سے گھروں میں خوشیاں واپس لائی جا سکتی ہیں۔