گروپ کے اعتماد پر شکر گزار، کامیاب ہوکر بزنس کمیونٹی کی توانا آواز بنوں گا: چوہدری مظہر
اسلام آباد(نیوز رپورٹر)
چوہدری مظہر نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایگزیکٹو ممبر کے امیدوار کے طور پر نامزد کیے جانے پر فاؤنڈر گروپ اور بزنس کمیونٹی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے وہ ان کے لیے اعزاز کے ساتھ ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے،وہ تاجر برادری کے اعتماد پر پورا اترنے اور کاروباری طبقے کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔چوہدری مظہر نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر کو مزید فعال اور مضبوط پلیٹ فارم بنایا جائے اور حکومت و متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے کے ذریعے تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرایا جائے۔اسلام آباد کی کاروباری برادری کو درپیش مسائل،ٹیکسوں کے بوجھ، کاروباری لاگت میں اضافے، بجلی و گیس کے مسائل،تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروبار دوست پالیسیوں کے حوالے سے مؤثر آواز بلند کرنا ان کے آئندہ لائحۂ عمل کا اہم حصہ ہوگا۔





