شجرکاری ماحول کے تحفظ اور ملکی معیشت کے فروغ کا اہم ذریعہ ہے، ایاز صادق

 

زیتون کی کاشت سے خوردنی تیل میں خودکفالت، روزگار کے مواقع اور زرعی معیشت کو فروغ مل سکتا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد (اظہار خان نیازی) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ شجرکاری ماحول کے تحفظ، موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے اور ملکی معیشت کے فروغ کا اہم ذریعہ ہے، پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے حکومت اور عوام کو مل کر شجرکاری کو قومی مہم بنانا ہوگا، درخت لگانا آنے والی نسلوں کے بہتر اور محفوظ مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے سبزہ زار میں زیتون کا پودا لگا کر مون سون شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ درخت ماحول کو بہتر بنانے، فضائی آلودگی کم کرنے اور موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، صاف، صحت مند اور خوشحال پاکستان کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

تقریب میں اراکین پارلیمنٹ، قومی اسمبلی کے اعلیٰ افسران اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی، اس موقع پر ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے ہر شہری کو شجرکاری مہم کا حصہ بننا چاہیے اور اپنے حصے کا کم از کم ایک پودا ضرور لگانا چاہیے، حکومت اور عوام مل کر ملک کو سرسبز بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شجرکاری ماحولیاتی بہتری کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کے فروغ کا بھی اہم ذریعہ ہے، زیتون کا تیل بہترین خوردنی تیل ہے جبکہ پاکستان کی آب و ہوا زیتون کی کاشت کیلئے انتہائی موزوں ہے، زیتون کی کاشت کو فروغ دے کر پاکستان خوردنی تیل کے شعبے میں خودکفالت کی جانب اہم پیش رفت کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زیتون کی پیداوار میں اضافے سے ملکی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور زرعی معیشت کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے عوام، اراکین پارلیمنٹ اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ شجرکاری کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں تاکہ پاکستان کو صاف، صحت مند، سرسبز اور خوشحال ملک بنایا جاسکے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششوں کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے رکن قومی اسمبلی فیصل آمین کی جانب سے زیتون کا پودا فراہم کرنے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔