
کہوٹہ (راجہ عثمان علی) محکمہ جنگلات و جنگلی حیات راولپنڈی نارتھ فاریسٹ ڈویژن نے غیر قانونی لکڑی کی ترسیل کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کہوٹہ روڈ پر لکڑی سے لدی سوزوکی پک اپ پکڑ لی۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کنزرویٹر آف فاریسٹ (اے سی ایف) کہوٹہ اور اے سی ایف کوٹلی نے فیلڈ سٹاف کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے سوزوکی پک اپ کو روکا، جس میں غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی لکڑی موجود تھی۔ محکمہ جنگلات کی ٹیم نے گاڑی اور لکڑی کو قبضے میں لے کر اے سی ایف کہوٹہ کے دفتر منتقل کر دیا، جہاں گاڑی کھڑی کر دی گئی ہے۔
محکمہ جنگلات کے مطابق واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ متعلقہ قوانین کے تحت ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کنزرویٹر آف فاریسٹ راولپنڈی نارتھ فاریسٹ ڈویژن محمد عمر عتیق نے کارروائی کی تصدیق کی ہے۔





