صحافیوں کے مسائل کا حل، حقوق کا تحفظ اور فلاح و بہبود یقینی بنائی جائے، سیدال خان ناصر
خواتین کو ہنر، روزگار اور کاروبار کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہوں گے
اسلام آباد(اظہار خان نیازی) بلوچستان سے تعلق رکھنے والی صحافی سمیرا راجپوت اختر جان نے وفد کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس میں قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے ملاقات کی، جس میں بلوچستان میں صحافیوں کو درپیش مسائل، میڈیا کے فروغ، خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے، روزگار کے مواقع، سماجی و معاشی ترقی سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ صحافت ریاست کا اہم ستون اور جمہوری معاشرے کی مؤثر آواز ہے، صحافی عوام کو باخبر رکھنے، معاشرتی مسائل کی نشاندہی اور عوامی مسائل متعلقہ فورمز تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، صحافیوں کے مسائل کا حل، حقوق کا تحفظ اور فلاح و بہبود یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال اہم صوبہ ہے جہاں نوجوانوں اور خواتین میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، ان صلاحیتوں سے استفادہ کیلئے تعلیم، ہنر، روزگار، کاروبار اور دیگر شعبوں میں مساوی مواقع اور ضروری وسائل کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ سیدال خان ناصر نے کہا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری پائیدار ترقی کی بنیادی شرط ہے، خواتین کو ہنرمندی، چھوٹے کاروبار، روزگار اور کاروباری سرگرمیوں کیلئے سہولیات اور مواقع فراہم کرکے نہ صرف انہیں معاشی طور پر خودمختار بنایا جاسکتا ہے بلکہ ان کے خاندانوں اور معاشرے کی معاشی حالت بھی بہتر بنائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کے ضامن ہیں، بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیت، توانائی اور آگے بڑھنے کا جذبہ موجود ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں معیاری تعلیم، فنی تربیت، روزگار، کاروبار اور مثبت سرگرمیوں کیلئے مناسب مواقع، وسائل اور رہنمائی فراہم کی جائے۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے بلوچستان میں میڈیا سے وابستہ افراد کو درپیش مسائل کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ آزاد، ذمہ دار اور فعال میڈیا معاشرے میں مثبت تبدیلی اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے ناگزیر ہے، بلوچستان کے صحافیوں کے مسائل کو متعلقہ فورمز پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے اور ان کے حل کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ ملاقات کے دوران سمیرا راجپوت اختر جان نے بلوچستان کی خواتین کو بااختیار بنانے، چھوٹے اور گھریلو کاروبار کے فروغ، کاروباری گرانٹس کی فراہمی اور خواتین کیلئے مستقبل میں معاونت کے مختلف امکانات پر گفتگو کرتے ہوئے خواتین کو درپیش مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے خواتین اور نوجوانوں کو ترقی کے قومی دھارے میں مؤثر طور پر شامل کرنے اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے اجتماعی اور مربوط کاوشوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے میڈیا، خواتین اور نوجوانوں کے کردار کو مزید مؤثر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ملاقات میں میڈیا، خواتین اور نوجوانوں کے شعبوں میں مستقبل میں تعاون اور معاونت کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ سمیرا راجپوت اختر جان نے بلوچستان کی خواتین کی آواز قومی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے اور ان کیلئے تعلیم، روزگار، کاروبار اور معاشی خودمختاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔





