اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وفاقی ترقیاتی ادارے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)کے چیئرمین نے گزشتہ روز ممبر ایڈمنسٹریشن اور ممبر فنانس کے ہمراہ کیپٹل ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتال کے مجموعی کام کاج بشمول اس کے انفراسٹرکچر، دیکھ بھال کی ضروریات اور آپریشنل چیلنجز کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران چیئرمین نے ڈاکٹر محمد نعیم تاج، ایگزیکٹو ڈائریکٹر، کیپٹل ہسپتال اور ہسپتال کی انتظامیہ کو محدود وسائل کے باوجود صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کے تسلسل کو مؤثر طریقے سے یقینی بنانے پر سراہا۔ چیئرمین نے کیپٹل ہسپتال کے انفراسٹرکچر، دیکھ بھال اور آپریشنل صلاحیت کو بہتر بنانے اور مریضوں کے لیے بہتر صحت کی سہولیات اور خدمات کو یقینی بنانے پر توجہ دینے کے لیے متعلقہ فارمیشنز کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔





