آئی جی اسلام آباد کی سینئر افسران سے آن لائن میٹنگ، سیف سٹی، سکیورٹی و پولیس ویلفیئر کا جائزہ

جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پولیسنگ، بہتر انتظامی امور اور افسران کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات جاری رکھنے کا عزم

اسلام آباد (کرائم رپورٹر) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرصدارت اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران کے ساتھ اہم آن لائن اجلاس منعقد ہوا جس میں سیف سٹی، لاجسٹکس، سکیورٹی، پولیس ویلفیئر اور دیگر ادارہ جاتی امور سے متعلق جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ افسران نے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور تفویض کردہ ذمہ داریوں پر ہونے والی پیش رفت سے آئی جی اسلام آباد کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ امور کو مزید مؤثر بنانے، دستیاب وسائل کے بہترین استعمال اور ادارہ جاتی معاملات کو مربوط انداز میں آگے بڑھانے سے متعلق مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے جاری اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے سینئر افسران کو فرائض کی انجام دہی اور جاری منصوبوں میں مزید بہتری لانے کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں، انہوں نے افسران پر زور دیا کہ باہمی رابطہ کاری اور پیشہ ورانہ انداز میں ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے متعلقہ شعبہ جات کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو جدید، مؤثر اور عوام دوست ادارہ بنانے کیلئے تمام شعبہ جات کی مربوط کارکردگی اور مسلسل بہتری ناگزیر ہے، جاری اقدامات کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے اور تمام ذمہ داریاں بروقت اور بہترین انداز میں مکمل کی جائیں تاکہ ادارے کی مجموعی کارکردگی مزید بہتر ہوسکے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پولیسنگ، بہتر انتظامی امور اور پولیس افسران کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ اسلام آباد پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید مضبوط اور شہریوں کو بہتر و معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔