راولپنڈی پولیس میں احتساب کا عمل تیز، مزید دو ایس ایچ اوز معطل، چارج شیٹ جاری

راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)راولپنڈی پولیس میں کرپشن، اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال اور غیر قانونی سرگرمیوں کی پشت پناہی کے خلاف محکمانہ کارروائی کا سلسلہ مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے چارج سنبھالتے ہی پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف موصول ہونے والی شکایات اور الزامات پر کارروائی کا دائرہ وسیع کر دیا۔ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق سنگین نوعیت کے الزامات سامنے آنے پر تھانہ آر اے بازار اور تھانہ چکلالہ کے ایس ایچ اوز کو معطل کرکے کلوز لائن کر دیا گیا ہے،جبکہ دونوں افسران کے خلاف باقاعدہ چارج شیٹ بھی جاری کردی گئی ہے۔ متعلقہ ایس ایچ اوز پر کرپشن، اختیارات سے تجاوز اور غیر قانونی سرگرمیوں کی مبینہ پشت پناہی جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ راولپنڈی پولیس میں تعینات افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی، فرائض کی انجام دہی اور طرز عمل کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔شہریوں کی جانب سے کرپشن،اختیارات کے ناجائز استعمال،غیر قانونی سرگرمیوں کی سرپرستی یا شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم نہ کرنے سے متعلق موصول ہونے والی شکایات پر بلاامتیاز محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔پولیس حکام کے مطابق اس سے قبل بھی مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز اور دیگر اہلکاروں کے خلاف شکایات اور الزامات کی بنیاد پر کارروائی کی جا چکی ہے۔ سنگین نوعیت کے معاملات میں چارج شیٹس جاری کرنے کے علاوہ مقدمات بھی درج کیے گئے جبکہ بعض اہلکاروں کو گرفتار بھی کیا گیا۔سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے واضح کیا ہے کہ پولیس فورس میں کرپشن، اختیارات سے تجاوز اور غیر قانونی سرگرمیوں کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ بدعنوانی یا اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث افسران و اہلکاروں کے خلاف قانون اور محکمانہ قواعد کے مطابق سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق احتساب کا عمل بلاامتیاز جاری رہے گا اور کسی بھی افسر یا اہلکار کے خلاف شکایت موصول ہونے پر حقائق کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد قانون اور محکمانہ ضوابط کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد فورس میں شفافیت، جوابدہی اور قانون کی بالادستی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔