پٹواری ملک ضیاء کے گھر 40 لاکھ کی ڈکیتی، 2 ملزمان تاحال گرفتار نہ ہوسکے

قیصر محمود 302 کے مقدمہ میں بھی مطلوب، عظمت محمود سے 5 لاکھ جبکہ قیصر کے گھر سے ڈیڑھ لاکھ روپے برآمد، اہل علاقہ میں خوف و ہراس

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) چک بیلی خان میں تعینات جھنگی دائم کے رہائشی پٹواری ملک ضیاء کے گھر دن دیہاڑے ہونے والی 40 لاکھ روپے کی ڈکیتی کے 4 ملزمان میں سے 2 تاحال گرفتار نہ ہوسکے، جبکہ پولیس نے قیصر محمود ولد خالد محمود سکنہ محمودہ اور عظمت محمود ولد کرامت حسین سکنہ ٹھلہ کلاں کو گرفتار کر رکھا ہے۔ پٹواری ملک ضیاء کے مطابق سلیم عرف سلیمہ اور وسیم سکنہ چوہان، تحصیل گوجر خان، ڈکیتی میں ملوث دیگر ملزمان میں شامل ہیں اور تاحال گرفتار نہیں ہوسکے۔

پولیس نے گزشتہ روز گرفتار ملزم قیصر محمود کے گھر محمودہ سے ڈیڑھ لاکھ روپے برآمد کئے، جبکہ اس سے قبل گرفتار ملزم عظمت محمود سے 5 لاکھ روپے برآمد کئے گئے تھے، جن کی برآمدگی کے گواہان خضر عزیز اور افضال احمد ہیں۔

ملک ضیاء کے مطابق گرفتار ملزم قیصر محمود تھانہ کورال میں دوران ڈکیتی قتل کے مقدمہ میں بھی ملوث ہے۔ اس کے علاوہ چک بیلی خان کے تاجر ظفر احمد کے گھر مبینہ قاتلانہ حملہ، سر پر گہری ضربیں لگانے، ڈکیتی اور چادر و چار دیواری کی پامالی کے واقعات میں بھی اس کا نام سامنے آیا ہے۔

جھنگی دائم اور چک بیلی خان کے عوامی حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ مذکورہ گروہ ڈکیتی، چوری، راہزنی، سرقہ بالجبر اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث رہا ہے، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس اور عدم تحفظ کی فضا پائی جاتی ہے۔

پٹواری ملک ضیاء نے وزیراعلیٰ پنجاب، آر پی او راولپنڈی اور سی پی او راولپنڈی سے اپیل کی ہے کہ تھانہ چونترہ، کورال، چک بیلی خان سمیت دیگر علاقوں میں ہونے والی وارداتوں کی تفتیش کے لیے ایس پی کی زیرنگرانی خصوصی ٹیم تشکیل دی جائے، تمام ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے اور شہریوں میں پائی جانے والی خوف و ہراس کی فضا ختم کی جائے۔