راولپنڈی(نیوز رپورٹر)منہاج القرآن علماء کونسل کے صدر علامہ یاسر نصیر مجددی، پاکستان عوامی تحریک راولپنڈی کے صدر غلام علی خان ، ناظم علامہ اشتیاق علوی،نائب صدر ڈاکٹر بدیع الزماں نے معروف عالم دین علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ کے فرزند پیر سید فیصل ریاض شاہ سے خصوصی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران انہیں 12 ستمبر بروز ہفتہ بعد نمازِ مغرب لیاقت باغ راولپنڈی میں منعقد ہونے والی عظیم الشان میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی۔
اس موقع پر غلام علی خان نے بتایا کہ میلاد کانفرنس سے منہاج القرآن سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری خصوصی خطاب کریں گے۔ کانفرنس میں راولپنڈی شہر کے مختلف میلاد مراکز، میلاد پارٹیاں، مشائخ عظام، جید علمائے کرام، تاجر برادری سمیت مذہبی، سیاسی و سماجی شخصیات بھرپور شرکت کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ میلاد کانفرنس کا مقصد عشقِ رسول ﷺ کو فروغ دینا، سیرتِ طیبہ کے پیغام کو عام کرنا اور امتِ مسلمہ میں محبت، اتحاد اور اخوت کو مضبوط بنانا ہے۔





