اسلام آباد(کرائم رپورٹر)پولیس ویلفیئر اور ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ، ڈی آئی جی سکیورٹی اسلام آباد رانا عمر فاروق ڈی آئی جی سکیورٹی اسلام آباد نے جا ری ترقیاتی منصوبوں، پولیس ویلفیئر اقدامات اور افسران و جوانوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ویلفیئر اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل سکیورٹی اسلام آباد رانا عمر فاروق نے اسلام آباد پولیس میں جاری ترقیاتی منصوبوں، پولیس ویلفیئر اقدامات اور افسران و جوانوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈی آئی جی سکیورٹی نے متعلقہ افسران سے جاری ترقیاتی منصوبوں، تعمیراتی کاموں اور پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ لی۔ اس موقع پر مختلف منصوبوں کی پیش رفت، معیار اور تکمیل کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈی آئی جی سکیورٹی رانا عمر فاروق نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے افسران اور جوان شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے دن رات اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ پولیس فورس کی فلاح و بہبود، بہتر رہائشی سہولیات اور بنیادی ضروریات کی فراہمی محکمہ پولیس کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پولیس ملازمین کے لیے جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔ تعمیراتی کاموں میں معیار، شفافیت اور پائیداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، جبکہ منصوبوں کی تکمیل کے دوران تمام متعلقہ امور کی موثر نگرانی بھی کی جائے۔ڈی آئی جی سکیورٹی نے مزید کہا کہ پولیس ویلفیئر کے تحت افسران و جوانوں اور ان کے خاندانوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ پولیس رہائش گاہوں، دفاتر، آرام گاہوں، میسز اور دیگر بنیادی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے دستیاب وسائل کو موثر انداز میں بروئے کار لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایک مطمئن، باصلاحیت اور پرعزم پولیس فورس ہی شہریوں کو موثر اور بہترین سکیورٹی فراہم کر سکتی ہے۔ افسران و جوانوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی میں بہتری کا باعث بنتا ہے بلکہ اس سے پولیس سروسز کے معیار کو بھی مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ڈی آئی جی سکیورٹی رانا عمر فاروق نے کہا کہ اسلام آباد پولیس اپنے افسران و جوانوں کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ دارالحکومت میں جدید، موثر اور عوام دوست پولیسنگ کے فروغ کے لیے ترقیاتی منصوبوں کو مزید وسعت دے رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ویلفیئر اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔





