اسلام آباد کے تھانوں کی حالت بدلنے لگی، تھانہ آبپارہ کی اپ گریڈیشن مکمل

اسلام آباد کے تھانوں کی حالت بدلنے لگی، تھانہ آبپارہ کی اپ گریڈیشن مکمل

محسن نقوی نے تعمیر نو کے بعد تھانہ آبپارہ کا افتتاح کردیا، شہریوں کو جدید اور باوقار پولیسنگ کی سہولیات فراہم کرنے پر زور

اسلام آباد (اظہار خان نیازی) اسلام آباد کے تھانوں کی حالت بدلنے لگی، تھانہ آبپارہ کی اپ گریڈیشن اور تعمیر نو کا کام مکمل ہونے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے افتتاح کردیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے تھانہ آبپارہ کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا اور ایس ایچ او آفس، ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی، انکوائری آفس، ویٹنگ ایریا سمیت دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے تھانے کے مختلف کاؤنٹرز پر شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور سائلین کیلئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی اور کمیٹی کے کردار کو سراہا۔ انہیں تھانہ آبپارہ کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ تھانے کی اپ گریڈیشن کا مقصد عوام کو جدید، باوقار اور عوام دوست پولیسنگ کا ماحول فراہم کرنا ہے۔ سائلین کی داد رسی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور شہریوں کی درخواستوں پر ہر صورت کارروائی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کسی شہری کو ایف آئی آر کے اندراج میں بلاوجہ تاخیر یا مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور ذمہ دارانہ رویہ اپنایا جائے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس اسٹیشنز میں شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور پولیسنگ کے نظام میں بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

افتتاح کے موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی آئی جی، ایس ایس پی آپریشنز سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔