کوہسار یونیورسٹی مری میں یومِ دفاع پاکستان کی پروقار تقریب
مری (راجہ عثمان علی)کوہسار یونیورسٹی مری کے کشمیر پوائنٹ کیمپس میں یومِ دفاع پاکستان کے حوالے سے پروقار اور حب الوطنی سے بھرپور تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملکی دفاع کے لیے قربانیاں دینے والے بہادر سپوتوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈی ایس پی مری محمد عرفان بٹ تھے، جبکہ رجسٹرار کوہسار یونیورسٹی مری، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز، فیکلٹی ممبران، یونیورسٹی کے افسران، ملازمین اور طلبہ نے شرکت کی۔ تقریب کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ فار اسٹوڈنٹس افیئرز اور یوتھ ایمپاورمنٹ کلب کے زیرِ اہتمام کیا گیا۔تقریب میں طلبہ نے ملی نغمے، تقاریر اور دیگر حب الوطنی پر مبنی پرفارمنسز پیش کیں۔ طلبہ نے اپنی پیشکشوں کے ذریعے پاکستان سے محبت، قومی یکجہتی، حب الوطنی اور قربانی کے جذبے کو اجاگر کیا۔اس موقع پر ڈی ایس پی مری محمد عرفان بٹ نے یومِ دفاع کی تاریخی اور قومی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی لازوال قربانیوں، بہادری اور عزم کی یاد دلاتا ہے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ملکی ترقی، قومی اتحاد، حب الوطنی اور پاکستان کی خدمت کے عزم کا اعادہ کیا۔





