ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز اٹک انیل سعید نے ڈسٹرکٹ پریزن ہیلتھ کونسل کے اجلاس کی صدارت کی

اٹک(سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز اٹک انیل سعید نے ڈسٹرکٹ پریزن ہیلتھ کونسل کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسد اسماعیل، ایم ایس گورنمنٹ اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈاکٹر جواد الٰہی، ڈسٹرکٹ جیل کے افسران اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں قید اسیران کو طبی سہولیات کی فراہمی، صحت سے متعلقہ مسائل اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ جیل میں اسیران کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، طبی معائنے، علاج معالجے اور صحت کے حوالے سے دیگر ضروری انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر جیل حکام اور محکمہ صحت کے افسران نے اسیران کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے موجودہ صورتحال اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ ڈسٹرکٹ جیل میں قید تمام اسیران کو بلاامتیاز بروقت اور مناسب طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اسیران کے معمول کے طبی معائنے، مختلف بیماریوں کی بروقت تشخیص، ضروری ادویات کی دستیابی اور ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد کے انتظامات کو مزید مؤثر بنانے پر بھی غور کیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انیل سعید نے کہا کہ اسیران کی صحت اور فلاح و بہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ جیل میں موجود افراد کو بنیادی انسانی ضروریات کے مطابق معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جیل میں طبی سہولیات کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے اور اسیران کو درپیش صحت کے مسائل کے حل کے لیے محکمہ صحت اور جیل انتظامیہ باہمی رابطے سے مؤثر اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ بیمار اسیران کے بروقت طبی معائنے اور علاج معالجے کے ساتھ ساتھ ادویات کی مسلسل دستیابی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ کسی بھی ہنگامی طبی صورتحال میں فوری رسپانس اور ضرورت پڑنے پر مریض کو ضلعی ہسپتال منتقل کرنے کے انتظامات بھی یقینی بنائے جائیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ پریزن ہیلتھ کونسل کے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اسیران کی صحت و فلاح و بہبود سے متعلق امور کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے۔ اجلاس میں جیل میں صفائی ستھرائی، پینے کے صاف پانی، حفظانِ صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی صورتحال کو بھی بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔