





7 کارروائیوں میں ایک کروڑ 23 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 70.26 کلوگرام منشیات برآمد، اٹک میں یونیورسٹی کے قریب سے ہیروئن پکڑی گئی
اسلام آباد (آصف ملک) اینٹی نارکوٹکس فورس نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 7 کارروائیوں کے دوران 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا، کارروائیوں میں ایک کروڑ 23 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 70.26 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق اٹک میں ایک یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 300 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔
پشاور ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر کے بیگ میں کپڑوں میں جذب کی گئی 2.595 کلوگرام آئس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈسٹرکٹ قصور کے قریب کارروائی کے دوران 4 ملزمان سے 8.4 کلوگرام افیون، 3 تیس بور پسٹل اور ایک ایم پی فائیو بمعہ 2 خالی میگزین برآمد کرلئے گئے۔
کوٹ عبدالمالک ٹول پلازہ لاہور کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 6 کلوگرام چرس جبکہ حیدرآباد کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
چونگی نمبر 26 اسلام آباد کے قریب کارروائی میں ملزم سے ایک کلو 200 گرام چرس، ایک کلو آئس اور 500 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔
دالبندین، ضلع چاغی کے قریب 3 لاوارث گاڑیوں کی تلاشی کے دوران 41 کلوگرام افیون، 2.5 کلوگرام ہیروئن اور 750 گرام آئس برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے بعد گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997ء کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔





