اے این ایف کا ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن

7 کارروائیوں میں 12 ملزمان گرفتار، ایک کروڑ 42 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 91.562 کلوگرام منشیات برآمد

اسلام آباد(آصف ملک) اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 12 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق 7 کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر ایک کروڑ 42 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 91.562 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔

اے این ایف نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے بیگ سے 362 گرام آئس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ خانوزئی، ضلع پشین کے قریب کارروائی کے دوران ٹرک سے 72 کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

یونیورسٹی روڈ پشاور کے قریب گاڑی سے 10.8 کلوگرام افیون برآمد کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ راوی ٹول پلازہ لاہور کے قریب گاڑی سے 5.4 کلوگرام ہیروئن برآمد کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

جامشورو ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سے 1.3 کلوگرام آئس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 1.2 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جبکہ ایئرپورٹ روڈ سکھر کے قریب کارروائی میں ملزم کے قبضے سے 500 گرام چرس برآمد کرکے اسے گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے بعد انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔