

4 کارروائیوں میں 2 ملزمان گرفتار، 8 کروڑ 47 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 1043.5 کلوگرام منشیات برآمد
اسلام آباد(آصف ملک) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ مجموعی طور پر 1043.5 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جن کی مالیت 8 کروڑ 47 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔
اے این ایف ترجمان کے مطابق ماڑی پور کراچی میں ملائیشیا جانے والے 2 کنٹینرز کی تلاشی کے دوران 33.5 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔
موٹروے ٹول پلازہ راولپنڈی کے قریب مسافر کے بیگ سے 6 کلوگرام چرس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ گلشن اقبال کراچی بس ٹرمینل کے قریب کارروائی کے دوران ایک ملزم سے 4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
یارو، ضلع پشین کے قریب جھاڑیوں میں چھپائی گئی 1000 کلوگرام چرس گردہ بھی برآمد کرلی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے مقدمات انسداد منشیات ایکٹ 1997ء کے تحت درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔





