اے این ایف کا مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن

8 کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت 9 ملزمان گرفتار، 91 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 76.836 کلوگرام منشیات برآمد

راولپنڈی (آصف ملک) اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 8 کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا، کارروائیوں کے دوران 91 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 76.836 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی۔

اے این ایف ترجمان کے مطابق ملتان ایئرپورٹ پر ریاض جانے والے مسافر کے بیگ سے 1.017 کلوگرام آئس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، لاہور ایئرپورٹ پر ریاض جانے والے مسافر کے بیگ سے 7.558 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے ملزم اور ملزمہ کے پیٹ سے مجموعی طور پر 861 گرام وزنی آئس بھرے 21 کیپسول برآمد کرلیے گئے۔

اے این ایف کے مطابق فتح جنگ ٹول پلازہ کے قریب گاڑی کی تلاشی کے دوران 12 کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ حیات آباد پشاور میں ہسپتال کے پارکنگ ایریا میں کھڑی لاوارث گاڑی سے 36 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔

سنگجانی ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 9 کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ سخی سرور ٹول پلازہ ڈی جی خان کے قریب گاڑی سے 8 کلوگرام آئس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

حیدرآباد میں ہسپتال کے قریب کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے مقدمات انسداد منشیات ایکٹ 1997ء کے تحت درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔