جوڈیشل کمپلیکس کی پارکنگ سے وکیل کی لاش برآمد، پولیس کی تحقیقات جاری

جوڈیشل کمپلیکس کی پارکنگ سے وکیل کی لاش برآمد، پولیس کی تحقیقات جاری
راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)جوڈیشل کمپلیکس کی پارکنگ میں کھڑی گاڑی سے وکیل کی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کی شناخت ثنا اللہ ستی کے نام سے ہوئی ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ سول لائن پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کو محفوظ بنا کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق لاش گاڑی کے اندر سے ملی،جبکہ واقعے کی اطلاع پر فارنزک ٹیموں کو بھی موقع پر طلب کر لیا گیا، جنہوں نے جائے وقوعہ سے شواہد اور ممکنہ فنگر پرنٹس سمیت دیگر مواد اکٹھا کرنا شروع کر دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وکیل کی موت قتل ہے یا طبعی، اس حوالے سے فی الحال حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا،مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ لاش کو ضروری کارروائی کے لیے منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ موت کی اصل وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم اور دیگر شواہد کی روشنی میں کیا جائے گا۔واقعے کی اطلاع پھیلتے ہی بڑی تعداد میں وکلا بھی جوڈیشل کمپلیکس پہنچ گئے، جہاں صورتحال کے باعث تشویش کی فضا پیدا ہوگئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واقعے کی نوعیت اور موت کی حتمی وجہ سامنے آسکے گی۔