یوکے یونیورسٹی فیس کی آڑ میں ہنڈی حوالہ نیٹ ورک چلانے والے 4 ملزمان کیخلاف مقدمہ، ایک گرفتار

 

ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد کی کارروائی، ملزمان نے لنکاسٹر یونیورسٹی کی فیس بھجوانے کے بہانے شہری سے 56 لاکھ 20 ہزار روپے وصول کیے

اسلام آباد (رپورٹ:اظہار خان نیازی) ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد نے ہنڈی حوالہ کے ذریعے غیر قانونی مالیاتی لین دین میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا جبکہ ایک ملزم محمد مبشر کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے کے مطابق کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد نے انکوائری نمبر 75/2024 کی تکمیل کے بعد ملزمان حمزہ فیصل، عابد حسین بٹ، عزیر قریشی اور محمد مبشر کے خلاف مقدمہ نمبر 42/2025 زیر دفعہ 406 تعزیرات پاکستان جبکہ فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ 1947 کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا۔ ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم محمد مبشر ولد محمد شبیر ہے جبکہ مقدمے کی مزید تفتیش سب انسپکٹر حسن کے سپرد کردی گئی ہے۔ تحقیقات کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر باہمی ملی بھگت سے بحریہ ٹاؤن راولپنڈی کے رہائشی شکایت کنندہ اسد علی ولد منظور حسین سے 56 لاکھ 20 ہزار روپے وصول کیے۔ رقم شکایت کنندہ کے بیٹے شبیہ الحسن کی لنکاسٹر یونیورسٹی برطانیہ کی فیس بینکنگ چینل کے ذریعے بھجوانے کے بہانے حاصل کی گئی، تاہم ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے مذکورہ رقم مبینہ طور پر غیر قانونی ہنڈی حوالہ نیٹ ورک کے ذریعے منتقل کی۔ ایف آئی اے کے مطابق لنکاسٹر یونیورسٹی کے شعبہ مالیات کی جانب سے رقم جمع کروانے والے شخص کے بارے میں معلومات طلب کیے جانے پر کوئی معلومات فراہم نہ کی جاسکیں، جس کے بعد اپریل 2024 میں یونیورسٹی نے رقم نامعلوم ذریعے کو واپس کردی۔ ایف آئی اے اسلام آباد زون کا کہنا ہے کہ ہنڈی حوالہ نیٹ ورک اور غیر قانونی مالیاتی لین دین میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔