کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے سی ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن

اسلام آباد: (سٹاف رپورٹر): کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے سی ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن اور گلوبل سسٹم آف انٹیگریٹڈ اسٹڈیز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے درمیان جمعرات کے روز مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ جسمیں سی ڈی اے کے ممبر اسٹیٹ محمد زمان وٹو، سی ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری کامران بخت، پرنسپل/ ڈائریکٹر ایڈمن جے ایس آئی ایس سمیت دیگر سی ڈی اے کے افسران و ملازمین نے شرکت کی۔ 

اس معاہدے کا بنیادی مقصد سی ڈی اے کے افسران اور ملازمین کے بچوں کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم فراہم کرنے سمیت انہیں تعلیمی سہولیات میں نمایاں رعایت دینا ہے۔ ایم او یو کے تحت جی ایس آئی ایس اسکول کی جانب سے سی ڈی اے کے ریگولر ملازمین کے بچوں کو داخلے کے دوران ایک وقت میں لی جانے والی تمام فیسیں مکمل طور پر معاف کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

جنرل سیکرٹری آفیسرز ایسوسی ایشن چوہدری کامران بخت نے کہا کہ معاہدے کے تحت واپس کی جانے والی سکیورٹی ڈیپازٹ بھی مکمل طور پر معاف کر دی گئی ہے تاکہ ملازمین پر مالی بوجھ نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت ایڈمیشن اور سیکورٹی فیس سی ڈی اے ملازمین و افسران کے بچوں کیلئے بالکل معاف کردی گئی ہے۔ چوہدری کامران بخت نے مزید کہا کہ معاہدے کی سب سے اہم شق ماہانہ ٹیوشن فیس میں 50 فیصد کمی ہے جس سے سی ڈی اے کے ملازمین و افسران کے بچے نصف ٹیوشن فیس پر اس تعلیمی ادارے میں داخلہ حاصل کرسکیں گے۔

واضح رہے، اس معاہدے کے تحت سی ڈی اے ملازمین کے بچوں کو داخلے کے دوران ترجیحی حیثیت بھی حاصل ہوگی اور وہ عام طلبہ کے مقابلے میں ویٹنگ لسٹ میں اولین ترجیح کے مستحق ہونگے۔

علاوہ ازیں، انہیں اسکول کی تمام تعلیمی سہولیات، ہم نصابی سرگرمیوں اور طلبہ کی ترقی کے پروگراموں تک مکمل رسائی حاصل ہوگی۔ جسمیں انہیں عام فیس ادا کرنے والے طلبہ کے مساوی سمجھا جائیگا اور کسی بھی قسم کا امتیازی سلوک نہیں کیا جائیگا۔

سی ڈی اے کے ممبر اسٹیٹ محمد زمان وٹو نے کہا کہ یہ معاہدہ سی ڈی اے کے محنتی ملازمین اور انکے خاندانوں کی فلاح و بہبود کیلئے ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ادارہ اپنے ملازمین کے حقوق کے تحفظ اور انکی بہبود کیلئے ہمیشہ پر عزم رہا ہے اور یہ معاہدہ اسی عزم کا ایک روشن ثبوت ہے۔

جنرل سیکرٹری مزدور یونین چوہدری محمد یسین نے کہا کہ اس معاہدے سے سی ڈی اے کے سینکڑوں ملازمین کے بچے اعلیٰ معیاری تعلیم سے مستفید ہونگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی ڈی اے ملازمین شہر کی تعمیر و ترقی میں انتہائی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور انکی خدمات کو سراہتے ہوئے انکے بچوں کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

پرنسپل اور ڈائریکٹر ایڈمن جے ایس آئی ایس قرۃ العین علی رضوی نے کہا کہ یہ تعلیمی ادارہ معیاری اور بلا امتیاز تعلیم فراہم کرنے اور کمیونٹی کیساتھ شراکت داری کو فروغ دینے کیلئے انتہائی پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی ڈی اے ملازمین کی خدمات کے اعتراف میں انکے بچوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنا انکا اخلاقی فرض ہے اور وہ اس معاہدے کو کامیابی سے عملی جامہ پہنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرینگے۔

سی ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن نے اس معاہدے کے تحت جی ایس آئی ایس کو ادارے میں تعلیم کے فروغ، اسپورٹس ٹورنامنٹس اور قومی سطح کی دیگر تقریبات کے انعقاد میں تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ اس موقع پر سی ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن چوہدری کامران بخت نے چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انکے وژن اور رہنمائی سمیت تعلیم دوست اقدامات کے فروغ کیلئے اس معاہدہ پر دستخط ممکن ہوئے ہیں.