شہری موٹروے پولیس کی آنکھیں بنیں گے، ’’بی آور آئیز‘‘ مہم شروع

 

اوور لوڈنگ، زائد کرایہ، خطرناک ڈرائیونگ سمیت ٹریفک خلاف ورزیوں کی فوری اطلاع دینے کی سہولت، پبلک ٹرانسپورٹ پر موجود کیو آر کوڈ اسکین کرکے شکایت درج کرائی جا سکے گی

اسلام آباد (آصف ملک) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے عوامی تعاون کے فروغ، ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد اور شاہراہوں پر محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے ’’بی آور آئیز‘‘ مہم کا آغاز کردیا۔ مہم کے تحت شہری دوران سفر کسی بھی ٹریفک خلاف ورزی، بالخصوص پبلک سروس گاڑیوں میں اوور لوڈنگ، مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے، خطرناک اور غیر محتاط ڈرائیونگ سمیت دیگر خلاف ورزیوں کی فوری اطلاع نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کو دے سکیں گے۔ موٹروے پولیس کے مطابق شہریوں کیلئے شکایت درج کرانے کا طریقہ انتہائی آسان بنایا گیا ہے، پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں پر موجود موٹروے پولیس کے اسٹیکر پر درج کیو آر کوڈ موبائل فون سے اسکین کرکے متعلقہ پلیٹ فارم تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے جہاں شہری اپنی شکایت درج کراسکتے ہیں۔ موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کی بروقت اور ذمہ دارانہ اطلاع ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام، حادثات میں کمی اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ محفوظ سفر، بہتر ٹریفک نظام اور شاہراہوں پر قانون کی عملداری کیلئے ’’بی آور آئیز‘‘ مہم کا حصہ بنیں اور دوران سفر نظر آنے والی ٹریفک خلاف ورزیوں سے بروقت آگاہ کریں۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام اور پولیس کے باہمی تعاون سے شاہراہوں پر ٹریفک قوانین کی پابندی اور مسافروں کے تحفظ کو مزید یقینی بنایا جائے گا۔