معمولی تلخ کلامی پر شہری کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والا مجرم عمر قید کا حقدار قرار

معمولی تلخ کلامی پر شہری کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والا مجرم عمر قید کا حقدار قرار

گوجرخان قتل کیس میں عدالت کا فیصلہ، مجرم عدنان کو 10 لاکھ روپے ہرجانے کی سزا، مقدمے کی مؤثر پیروی پر راولپنڈی پولیس کی کامیابی

راولپنڈی(صنوبر کیانی) معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ کرکے شہری کو قتل کرنے والے مجرم کو معزز عدالت نے عمر قید اور 10 لاکھ روپے ہرجانے کی سزا سنا دی۔ راولپنڈی پولیس کے مطابق مجرم عدنان نے شہری کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا، جس کا مقدمہ مئی 2025ء میں تھانہ گوجرخان میں درج کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق مقدمے کی تفتیش کے دوران ٹھوس شواہد اکٹھے کیے گئے جبکہ مقدمے کی مؤثر پیروی کو یقینی بنایا گیا، جس کے نتیجے میں معزز عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مجرم عدنان کو قرار واقعی سزا سنائی۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ سنگین مقدمے میں مجرم کو قرار واقعی سزا ملنا حق و انصاف کی فتح ہے۔ راولپنڈی پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے مؤثر پولیسنگ اور مقدمات کی بھرپور پیروی جاری رکھے گی۔