محسن نقوی کی اداروں کو باہمی رابطے، تعاون اور کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت، دو سالہ جامع تبدیلی منصوبہ پیش کرنے کا حکم
اسلام آباد (اظہار خان نیازی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے سربراہان کا اہم اجلاس ہوا، جس میں وزارت داخلہ کے اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے، باہمی رابطے مضبوط کرنے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اصلاحات نافذ کرنے کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے تمام اداروں کو باہمی رابطے، تعاون اور رابطہ کاری مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ کا کام دیگر وزارتوں سے مختلف اور غیر معمولی نوعیت کا ہے، اس لیے اس کے ذیلی اداروں کو بھی غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ محسن نقوی نے کہا کہ نئے قائم ہونے والے اداروں، بالخصوص لینڈ پورٹ اتھارٹی کو مکمل تعاون اور ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے، تمام اداروں نے مل کر ایک دوسرے کو بھرپور سپورٹ کرنا ہے۔ انہوں نے تمام اداروں کے سربراہان کو ڈیٹا سکیورٹی اور سائبر سکیورٹی کے حوالے سے مؤثر اور جامع اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر ادارے کو اپنے متعلقہ ادارے کا دو سالہ جامع تبدیلی منصوبہ پیش کرنا ہوگا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وزارت داخلہ کے تمام اداروں کو جدید خطوط پر مکمل طور پر تبدیل کرنا ہمارا ہدف ہے، وزارت داخلہ کے ہر ذیلی ادارے کو مثالی اور عوام دوست بنانا ہے، عوام کو بہترین سہولتوں اور معیاری خدمات کی فراہمی کے لیے تمام اداروں کو اپنے اہداف کا حصول یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ادارے خودمختار اور بااختیار ہونے چاہئیں اور انہیں اپنے فیصلے خود کرنا ہوں گے، ہر معاملہ وزارت کو بھیجنے کی ضرورت نہیں، جہاں ضرورت ہو وہاں قوانین میں ضروری ترامیم اور اصلاحات کی تجاویز فوری پیش کی جائیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ اور رواں سال حج آپریشن کے دوران منشیات اسمگلنگ کا ایک بھی کیس رپورٹ نہ ہونا اداروں کی کارکردگی میں بہتری کا واضح ثبوت ہے۔ وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ وفاقی اداروں میں کام نہ کرنے کا کلچر تھا، ہم نے اس سوچ کو بدلا ہے، تمام اداروں کو ہدف پر مبنی، نتیجہ خیز اور کارکردگی پر مرکوز انداز میں کام کرنا ہوگا۔ اجلاس میں ذیلی اداروں کے سربراہان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کی قیادت میں وزارت داخلہ کے اداروں میں بنیادی اور مثبت تبدیلیاں آئی ہیں۔ اجلاس میں وزیر مملکت طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اے این ایف، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی این سی سی آئی اے، ایم ڈی لینڈ پورٹ اتھارٹی، ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن، چیف کمشنر اسلام آباد و آئی جی اسلام آباد پولیس، چیئرمین سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی اور وفاقی پراسیکیوٹر جنرل سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔





