ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کا مختلف علاقوں کا دورہ، تجاوزات کے خلاف آپریشن اور بیوٹیفیکیشن منصوبوں کا جائزہ

ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کا مختلف علاقوں کا دورہ، تجاوزات کے خلاف آپریشن اور بیوٹیفیکیشن منصوبوں کا جائزہ

مری(راجہ عثمان علی) ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے ضلع کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری ترقیاتی منصوبوں، تعلیمی اداروں، صفائی ستھرائی اور انتظامی امور کا موقع پر جائزہ لیا۔ انہوں نے گلدنہ اور دریا گلی میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف جاری گرینڈ انکروچمنٹ آپریشن کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ مری کی خوبصورتی، سرکاری اراضی اور عوامی راستوں کی بحالی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ تجاوزات کے خلاف کارروائی بلاامتیاز جاری رہے گی۔ڈپٹی کمشنر نے بعد ازاں باڑیاں بازار کا دورہ کیا اور بیوٹیفیکیشن اسکیم پر جاری کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی مٹیریل کے معیار کو یقینی بناتے ہوئے کام کی رفتار تیز کی جائے اور منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ مقامی تاجروں اور سیاحوں کو بہتر سہولیات میسر آسکیں۔انہوں نے بازاروں، سڑکوں اور تعلیمی اداروں کے اطراف صفائی کے انتظامات بھی چیک کیے اور مری ویسٹ مینجمنٹ کمپنی و متعلقہ عملے کو روزانہ کی بنیاد پر کوڑا کرکٹ اٹھانے اور سیاحتی مقامات کی صفائی یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے۔ آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ مری کی پہچان اس کی صفائی، خوبصورتی اور قدرتی حسن ہے، کسی بھی مقام پر گندگی یا انتظامی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔