نوجوان ہی ملک کا مستقبل ہیں اور انہیں اداروں کی ورکنگ سے آگاہی ہونی چاہیے تاکہ وہ بطور ذمہ دار شہری معاشرے میں اپنا کردار ادا کر سکیں، ناصر محمود ستی
خیبرپختونخوا پولیس کا آئی جی ذوالفقار حمید کی زیرِ قیادت پولیس خدمات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، ڈی آئی جی ہزارہ
جرائم کے خاتمے، قیامِ امن معاشرے کے ہر فرد کی مشترکہ ذمہ داری ہے، بحیثیت ذمہ دار پاکستانی شہری عوام اپنی پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں، ڈی آئی جی ہزارہ
ایبٹ آباد(بی بی سی رپورٹ)ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ناصر محمود ستی سے کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس کے LeaderSHIFT پروگرام کے تحت مختلف شعبہ جات کے طلبہ کے ایک وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس، لائف سائنسز اور بیسک سائنسز کے طلبہ شامل تھے۔ وفد کی قیادت منجیر COMSATS ایبٹ آباد سردار نصیر احمدنے کی۔ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کا بنیادی مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہی ملک کا مستقبل ہیں اور انہیں اداروں کی ورکنگ سے آگاہی ہونی چاہیے تاکہ وہ بطور ذمہ دار شہری معاشرے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔آپ طلبہ ملک و قوم کا روشن مستقبل ہیں اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں، محنت، لگن اور انسانی خدمت کے جذبے کے ساتھ اعلیٰ تعلیم حاصل کریں اور اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بروئے کار لائیں۔ طلبہ اپنے والدین اور اساتذہ کی عزت و فرمانبرداری کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنائیں اور نظم و ضبط، اخلاق اور کردار سازی کو اپنی شخصیت کا حصہ بنائیں۔
خیبرپختونخوا پولیس آئی جی ذوالفقار حمید کی زیرِ قیادت عوام کو مفت اور سستے انصاف کی فراہمی، شہریوں کی مشکلات کے ازالے اور پولیس خدمات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنانے اور شہریوں کو تھانہ کلچر سے ہٹ کر شفاف، آسان اور بروقت خدمات کی فراہمی کے لیے جدید پولیس سہولت مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔اسی وژن کے تحت ہزارہ ریجن میں عوام کی سہولت کے لیے 22 پولیس سہولت مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں شہریوں کو ایک ہی پلیٹ فارم کے تحت 16 سے زائد مختلف پولیس سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان مراکز کا بنیادی مقصد شہریوں کو مختلف پولیس خدمات کے حصول کے لیے بار بار مختلف دفاتر کے چکر لگانے کی زحمت سے بچانا اور ایک ہی چھت تلے آسان، شفاف اور فوری خدمات فراہم کرنا ہے۔عوام کی سہولت کو مزید بڑھانے کے لیے جدید موبائل اپلیکیشن بھی متعارف کروائی گئی ہے، جس کے ذریعے شہری گھر بیٹھے مختلف پولیس سہولیات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پولیس اور عوام کے درمیان رابطے کو مزید مؤثر، آسان اور تیز بنایا جا رہا ہے، جبکہ شہریوں کو اپنی ضروریات کے مطابق پولیس خدمات تک رسائی کے لیے جدید ڈیجیٹل ذرائع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
ڈی آئی جی ہزارہ نے مزید کہا کہ ایک مضبوط اور پُرامن معاشرے کی تشکیل میں نوجوان نسل کا کردار انتہائی اہم ہے۔ نوجوان منفی سرگرمیوں سے دور رہتے ہوئے اپنی توانائیاں مثبت اور تعمیری سرگرمیوں میں صرف کریں اور معاشرے میں امن، بھائی چارے، برداشت اور قانون کی پاسداری کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔جرائم کے خاتمے اور قیامِ امن صرف پولیس کی ذمہ داری نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بحیثیت ذمہ دار پاکستانی شہری عوام اپنی پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں، مشکوک سرگرمیوں کی بروقت اطلاع دیں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کا ساتھ دیں۔
پی اے ٹی آر پی او ہزارہ طاہر محبوب اور پی ایس او ٹو آر پی او ہزارہ شہزاد گل نے طلبہ کو ہزارہ پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی، عوام کو فراہم کی جانیوالی سہولیات، ٹریفک مینجمنٹ، درپیش چیلنجز اور دیگر امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔ یونیورسٹی کورآرڈینیٹر سردار نصیر احمدنے ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی کا شکریہ ادا کیا طلبہ کیلئے یہ مطالعاتی ملاقات انتہائی مستفید ثابت ہوگی۔





