مری مغوی بچیوں کی بازیابی کے دوران پولیس پارٹی پر فائرنگ، آزاد کشمیر میں مقدمہ درج
مری(کرائم رپورٹر) مغوی بچیوں کی بازیابی کے دوران مری پولیس پارٹی پر فائرنگ اور مزاحمت کے واقعہ پر تھانہ ڈھلکوٹ، آزاد کشمیر میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر سپرا کے مطابق پولیس پارٹی پر فائرنگ اور قانونی کارروائی میں مزاحمت کرنے والے عناصر کے خلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ (ATA)، دفعہ 186، 324 اور 353 کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ڈی پی او مری نے کہا کہ مری پولیس اپنے جوانوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔ پولیس کی اولین ترجیح مغوی بچیوں کو بحفاظت بازیاب کرانا تھی، جس کے لیے پولیس ٹیم نے مشکل اور نامساعد حالات کے باوجود اپنا فرض احسن انداز میں انجام دیا۔انہوں نے کہا کہ بچیوں کی بحفاظت بازیابی کے بعد واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا عمل بھی مکمل کیا جائے گا۔ مقدمہ کے مدعی کو قانونی کارروائی کے ہر مرحلے پر مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا اور اسے کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنے دیا جائے گا۔ڈی پی او مری کے مطابق مقدمہ کی پیش رفت اور قانونی کارروائی سے مدعی کو لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے گا۔ پولیس پارٹی پر حملہ اور قانون کی عملداری میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مغوی بچیوں کی بازیابی کے ساتھ واقعہ میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے تک پہنچانا مری پولیس کی ذمہ داری ہے۔ شہریوں، بالخصوص خواتین اور بچوں کا تحفظ، انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی مری پولیس کی اولین ترجیحات ہیں۔





