تربیلا غازی (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل غازی کے سابق صدر و سیاسی وسماجی شخصیت ڈاکٹر ملک افضال احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہزارہ کو الگ صوبے کا درجہ دے کر ہزارہ کے عوام کی دیرینہ خواہش پوری کی جائے،نئے صوبوں کا قیام ملک کی انتظامی ضروریات اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے وقت کی اہم ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ صوبہ ہزارہ کا مطالبہ کسی لسانی یا تعصب کی بنیاد پر نہیں بلکہ انتظامی، معاشی اور عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے ہے،ہزارہ ڈویژن کے عوام طویل عرصے سے الگ صوبے کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں،جس پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے،ڈاکٹر ملک افضال احمد نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے اختیارات عوام کے قریب ہوں گے،پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی عمل تیز ہوگا اور عوام کو اپنے مسائل کے حل کے لیے دور دراز علاقوں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا،انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبہ ہزارہ سمیت نئے صوبوں کے قیام کے معاملے کو سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی اور عوامی مفاد میں آئینی و جمہوری طریقہ کار کے تحت آگے بڑھایا جائے۔





