مہر عقیل چاند کا بھی بھرپور تعاون، وکیل کی فراہمی اور قانونی معاونت کے بعد پاکستانی نوجوان کی رہائی، اہلخانہ کی جانب سے اظہار تشکر
جاپان (خالد خان/نمائندہ خصوصی) پاکستان کمیونٹی کے معروف رہنما اور سماجی کارکن حافظ مہر شمس کی انتھک محنت، مسلسل جدوجہد اور قانونی معاونت سے جاپان کے صوبہ شناگاوا کے حراستی مرکز میں قید ایک اور پاکستانی نوجوان کو رہائی مل گئی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں ایک پاکستانی نوجوان کو ایک مقدمے کے سلسلے میں پولیس نے گرفتار کیا تھا، جس کے بعد اسے عدالتی احکامات کے تحت حراست میں رکھا گیا۔ نوجوان کی گرفتاری اور حراست کے باعث پاکستان میں موجود اس کے اہلخانہ شدید پریشانی اور اضطراب کا شکار تھے۔
معاملے کی اطلاع ملنے پر حافظ مہر شمس نے فوری طور پر کیس پر توجہ دی اور گزشتہ تقریباً ایک ہفتے کے دوران دن رات مسلسل کوششیں کرتے ہوئے قانونی معاونت کا انتظام کیا۔ اس سلسلے میں جاپان میں پاکستانی کمیونٹی کے فعال کارکن اور ان کے دست راست مہر عقیل چاند نے بھی بھرپور تعاون کیا۔
دونوں رہنماؤں نے وکیل کا انتظام کرنے کے ساتھ پولیس اور متعلقہ حکام سے رابطے کیے، ضروری قانونی دستاویزات مکمل کرائیں اور پاکستانی نوجوان کو ہر ممکن قانونی معاونت فراہم کی، جس کے نتیجے میں بالآخر اسے حراستی مرکز سے رہائی مل گئی۔
رہائی کی اطلاع پاکستان میں موجود نوجوان کے اہلخانہ کو ملی تو وہ خوشی سے آبدیدہ ہوگئے۔ اہلخانہ نے خصوصی آڈیو پیغام کے ذریعے حافظ مہر شمس، مہر عقیل چاند اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
واضح رہے کہ حافظ مہر شمس جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے فلاحی امور میں فعال کردار ادا کرتے رہے ہیں اور اس سے قبل بھی متعدد پاکستانیوں کی قانونی معاونت، رہائی، میتوں کی پاکستان منتقلی اور دیگر فلاحی معاملات میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ پاکستانی کمیونٹی نے حافظ مہر شمس اور مہر عقیل چاند کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ آئندہ بھی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔





