مری میں ڈینگی کی روک تھام کے لیے اہم اجلاس، تعلیمی اداروں میں خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ

 

مری (راجہ عثمان علی)ڈپٹی کمشنر آفس مری میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ڈینگی کی روک تھام اور محکمہ صحت کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے کی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمر اویس کیانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کامران صغیر، اسسٹنٹ کمشنر کیپٹن (ر) ارشد اقبال، سی ای او ہیلتھ اور دیگر متعلقہ افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔اجلاس میں مری میں ڈینگی وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے جاری اقدامات، محکمہ صحت کی کارکردگی اور انسدادِ ڈینگی مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ افسران کو ہدایت کی گئی کہ ڈینگی کے خلاف سرگرمیوں کو مزید مؤثر اور تیز بنایا جائے اور ممکنہ افزائش گاہوں کی بروقت نشاندہی کرکے خاتمہ یقینی بنایا جائے۔
اجلاس کے اختتام پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق تعلیمی اداروں، خصوصاً جامعات میں انسدادِ ڈینگی کی خصوصی آگاہی مہم چلانے، سیمینارز منعقد کرنے اور طلبہ کو مہم میں شامل کرنے پر زور دیا گیا، تاکہ تعلیمی اداروں کو ڈینگی جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔