مری کلڈنہ میں جامع مسجد بنیانِ مرصوص کا افتتاح، ملکی سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا
مری (راجہ عثمان علی)کلڈنہ مری میں جامع مسجد بنیانِ مرصوص کا افتتاح ایک پروقار تقریب کے دوران مہمانِ خصوصی میجر جنرل ضرار محمود نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی، اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر احمد نواز، پولیس و ضلعی انتظامیہ کے افسران، معززین علاقہ اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے جامع مسجد بنیانِ مرصوص کی تعمیر کو ایک اہم دینی فریضے کی تکمیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ مساجد نہ صرف عبادات کے مراکز بلکہ معاشرے میں اتحاد، بھائی چارے، اخلاقی تربیت اور خیر و برکت کے فروغ کا اہم ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مسجد کی تعمیر سے علاقے کے عوام کو دینی و سماجی سرگرمیوں کے لیے ایک بہتر اور باوقار مرکز میسر آئے گا۔مقررین کا کہنا تھا کہ مساجد ہماری بستیوں کی روح اور اسلامی معاشرے کی بنیادی اکائیاں ہیں، جہاں سے امن، محبت، اخوت اور باہمی رواداری کا پیغام عام ہوتا ہے۔ جامع مسجد بنیانِ مرصوص کی تعمیر علاقے کی دینی، اخلاقی اور سماجی فلاح کے لیے ایک قابلِ قدر قدم ہےتقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام، امن و خوشحالی اور افواجِ پاکستان کی کامیابی و سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔





